ریلوے نے ٹرینوں کی آمد ورفت کیلئے 45 ہزار لیٹر ڈیزل خریدا
لاہور(سٹاف رپورٹر) ریلوے لاہور ڈویژن انتظامیہ نے ڈیزل کی قلت کے خاتمے کے لئے مقامی مارکیٹ سے 45ہزارلیٹرڈیزل خرید کر ٹرینوں کی آمدورفت کو بحال رکھا۔ڈیزل کی مقامی مارکیٹ سے خریداری کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت کا نظام متاثر ہونے سے بچ گیا اور ڈیزل کی قلت کا بحران عارضی طور پر ٹل گیا۔جبکہ پی ایس او کی جانب سے بھیجے گئے دوآئیل ٹینک 90ہزار لیٹرڈیزل لے کر آج بروز جمعتہ المبارک کو کراچی سے لاہو ر پہنچ جائیں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ ریلوے نے پی ایس او کو ڈیزل کی مد میں 5کروڑ روپے کی ادائیگی کی ہے جس کے پیش نظر پی ایس او نے ریلوے کی ڈیزل کی سپلائی بحال کردی ہے اور اس ڈیزل میں سے 90ہزار کے دو آئیل ٹینک آج لاہور آئیں گے مزید سپلائی بھی آئندہ روز میں متوقع ہے ذرائع نے بتایا کہ ڈیزل کی کمی کے پیش نظر برانچ لائن پر چلنے والی ٹرینوں کی سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا امکان تھا تاہم لاہور ڈویژن انتظامیہ نے بروقت مقامی مارکیٹ سے پی ایس او سے 45ہزار لیٹر ڈیزل خرید کرلوکل ٹرینوں سمیت مین لائن پر چلنے والی ٹرینوں کی سروس کو بحا ل رکھا اورٹرینوں کی آمدورفت کا نظام متاثر ہونے سے بچ گیا۔