بلائنڈ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں کامیابی حاصل کرینگے،سید سلطان شاہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے کہا ہے کہ قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم دسمبر میں بھارت میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں نہ صرف بھارت کی ٹیم کوشکست دے گی بلکہ ٹورنامنٹ میں بھی کامیابی حاصل کرے گی سید سلطان شاہ نے بتایا کہ دورہ بھارت کے دوران قومی بلائنڈ کرکٹ کونسل کی شکست کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کی سفارشات کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے قومی ٹیم کو تیاری کروائی جارہی ہے ۔ ٹیم کے جن شعبوں میں بہتری کی ضرورت تھی ان میں بہتری لائی گئی ہے جبکہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والی گیندیں بھارت سے منگوا کر ان سے کھلاڑیوں کو ٹریننگ دلوائی جارہی ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے دو تربیتی کیمپ لگائے جائیں گے پہلا کیمپ اکتوبر میں اور دوسرا کیمپ ورلڈ کپ سے قبل لگایا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے 45کھلاڑیوں کے میڈیکل سر ٹیفیکیٹ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کو بھجوادیئے گئے ہیں اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل 31 اگست تک ان میڈیکل سرٹیفیکیٹ کی تصدیق کردے گی ۔انہوںنے بتایا کہ ملک میں دستیاب بہترین کھلاڑیوں میں سے 45کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے اور پھر ان میں سے ورلڈ کپ کے لئے 17رکنی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ عبدالرزاق کو تمغہ امتیاز دلوانے میں بلائنڈ کرکٹ کونسل نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پی سی بی کے چیئرمین چوہدری ذکاءاشرف اور وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی مالی مدد کی ہے ۔تاہم وزیر اعلی پنجاب بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو لاہور میں گراﺅنڈ دے دیں تو اس سے کھلاڑیوں کو بہت سہولت ہوگی ۔