نورستان اور کنٹر میں حملوں کے معاملے کو اتحادی فوج کے ساتھ اُٹھائیں گے‘دفتر خارجہ
اسلام آباد( اے پی اے+ثناءنیوز) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ نورستان اور کنٹر میں حملوں کے معاملے کو اتحادی فوج کے ساتھ اٹھائیں گے۔ لندن اولمپکس کیلئے جعلی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کا معاملہ وزارت داخلہ کا ہے۔ برطانوی اخبار کیخلاف چارہ جوئی کیلئے وزارت قانون اور وزارت داخلہ اقدامات کریں گے۔ برطانوی آخبار ’سن‘ کی خبر کا پاک برطانیہ تعلقات سے کوئی لینا دینا نہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ معظم علی خان نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا ک برما کی صورتحال پر سخت تشویش ہے، برما کی صورتحال کے حوالے سے تحفظات ہیں، توقع ہے کہ حکومت برما اقدامات کریگی۔ کنٹر کے علاقے سے پاکستان پر حملے ناقابل قبول ہیں۔ جعلی پاسپورٹ اسکینڈل کی خبر پاکستان اور برطانیہ کی حکومتوں کے درمیان دو طرفہ معاملہ نہیں، اس لئے احتجاج نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی اخبار کے خلاف ہر جانے کے دعوے میں معاملے میں بھی وزارت خارجہ کا کوئی کردار نہیں۔ انہوں نے کہا نیٹو امریکہ اور افغان حکومت کو حملے روکنے کیلئے اقدامات کرناچاہیے، نیٹو روٹ پر مفاہمت کی یادداشت تیار ہو گئی۔ وزارت دفاع اور امریکی حکومت نیٹو سپلائی کی مفاہمت کی یادداشت پر کام کر رہے ہیں، پاکستان اور امریکہ میں مفاہمت کی یادداشت کابینہ نے منظور کر لی۔ امریکہ اور نیٹو کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر جلد دستخط کئے جائیں گے۔ نیٹو سپلائی پر معاہدہ پارلیمانی قراردادوں کی روشنی میں کیا گیا۔ برما میں مسلمانوں کے قتل عام پر تشویش ہے، پر اعتماد ہیں کہ برما کی حکومت مناسب اقدامات کریگی، برما میں حالات بہتر ہورہے ہیں، انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن عمل کی حمایت کرتا ہے۔