سعودی وزیر تجارت اور پاکستانی سفیر کا تجارتی تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق
ریاض(اے پی پی) سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر محمد نعیم خان نے سعودی وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر توافق بن فوضان الربیعہ سے یہاں ملاقات کی اور ان سے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے ملاقات میں وزارتی کمیشن کا آئندہ مشترکہ اجلاس رواں سال کے ستمبر میں اسلام آباد میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔ اس اجلاس میں ڈاکٹر ربیعہ کی قیادت میں نمایاں کاروباری سعودی شخصیات کا وفد شرکت کرے گا۔ اس موقع پر وزارتی کمیشن کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر مشترکہ بزنس کونسل کا اجلاس منعقد کرنے پر بھی اتفاق رائے کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ پاکستان خلیج تعاون کونسل کے ممالک میں آزادانہ تجارت کے جلد از جلد معاہدہ سے سعودی عرب اور خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے تجارتی و اقتصادی تعلقات مکمل طور پر بہتر ہو جائیں گے۔ سعودی وزیر تجارت ڈاکٹر الربیعہ نے سعودی عرب کے مختلف شہروں میں پاکستانی تجارتی اشیاءکی نمائشیں منعقد کرانے کی تجویز کی بھی حمایت کی۔