رانا آصف دہری شہریت کیس، لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن سے ریکارڈ طلب کرلیا
لاہور(نامہ نگارخصوصی)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال نے رکن پنجاب اسمبلی رانا آصف کو دوہری شہریت کے معاملے پر نااہل قرار دینے کےلئے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن سے سپریم کورٹ کی جانب سے معطل کئے جانے والے اراکین اسمبلی کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 3اگست تک ملتوی کر دی ہے ۔عدالت نے قرار دیا کہ رانا آصف کو عہدے سے زیادہ ذاتی وقار کو اہمیت دینی چاہیے کیونکہ عہدہ تو چند روز میں ختم ہو جائے گا۔فاضل عدالت نے غلط بیانی پر رانا آصف کے وکیل کی سرزنش کرتے ہوئے قرار دیا کہ عدالت میں جھوٹ بولنے پر رانا آصف کی رکنیت معطل کر کے کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے دوہری شہریت رکھنے پر متعدد اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کی ہے رانا آصف بھی کینیڈا کے شہری ہیں لہذا ان کی بھی رکنیت معطل کی جائے۔ رانا آصف کے وکیل جمشید رحمت اللہ نے دلائل دیے کہ رانا آصف کینیڈا کے شہری نہیں بلکہ نیشنل ہیں لہذا ان پر آئین کی دوہری شہریت کی شق لاگو نہیں ہوتی۔ درخواست گزار سیف الملوک کا کہنا تھا کہ رانا آصف محمود نے دوہری شہریت لے رکھی ہے اور وہ آئین کے آرٹیکل62 اور63 کے معیار پر پورا نہیں اترتے۔لہذا عدالت انکی اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے کے احکامات صادر کرے۔