باصلاحیت و ہونہار طلبا ہمارے ملک کا عظیم سرمایہ ہیں: ملک محمد اقبال
لاہور (سپیشل رپورٹر) صوبائی وزیر جیل خانہ جات ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ طلباکو روشن مستقبل فراہم کرنے کے سلسلے میں حکومت متعدد اقدامات عمل میں لائی ہوئی ہے جس کے تحت ہونہار طلبا کو سکالر شپ، لیپ ٹاپ اور بیرون ممالک کے مطالعاتی دورے اس سلسلے کی اہم کڑی ہیں ۔ باصلاحیت و ہونہار طلبا ہمارے ملک کا عظیم سرمایہ اور درخشاں مستقبل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بہاولپور میں میٹرک امتحانات میں پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات کے مابین انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر ملک اقبال چنڑ نے کہا کہ پوزیشن ہولڈر طلباو طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع کی فراہمی کو حکومت نے اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیا ہواہے تاکہ انہیں مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے قابل بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے طلباو طالبات کی صلاحیت کو اجاگر کرنے اور انہیں ملک کا اہم فرد بنانے کے لئے متعدد اقدامات شروع کئے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ غریب سے لے کر امیر تک کا بچہ وزیراعلیٰ کی طرف سے تعلیمی میدان میں فراہم کی گئی سہولیات سے فیض یاب ہورہاہے۔