لندن اولمپکس کے لیے آٹھ ٹن سونے ، چاند ی اور تانبے کے تمغے تیار

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک ) اولمپکس مقابلوں کے لیے سونے، چاندی اور کانسی کے 4700تمغے تیار کر لیے گئے ہیں جن میں آٹھ ٹن سونا، چاندی اور تانبا استعمال کیا گیا ۔
ابتداءمیں اولمپکس میں کھلاڑیوں کو سونے کا تمغہ نہیں دیاجاتا تھا اور ایتھنز میں ہونے والی اولمپکس 1896ءمیں پہلی پوزیشن پر آنے والوں کو چاندی کا تمغہ دیا جاتا تھا۔ اولمپکس میں پہلی مرتبہ سونے کے تمغوں کا آغاز1904ءمیں سینٹ لوئیس امریکہ میں ہونے والے اولمپکس سے ہوا جبکہ سونے کے تمغوں میں صرف 1.34فیصد سونا، 92.5فیصد چاندی اور 6.16فیصد تانبا استعمال کیا جاتا ہے ۔
لندن اولمپکس 2012ء میں دیئے جانے والے تمغہ سائز کے حوالے سے تین ملی میٹر موٹااور 60ملی میٹر احاطہ ہوتا ہے۔ لندن اولمپکس میں سونے کے تمغوں کی تعداد 302ہے اور یہ تمغے اولمپکس میں دئیے جانے والے تمغوں میں سائز کے اعتبار سے سب سے بڑے ہیں۔ان تمغوں سے کھلاڑیوں کو جیت کی صورت میں نوازہ جائے گا جو ان کی ان تھک محنت کااعتراف ہوگا۔
اولمپکس کی تاریخ میں صرف تین اولمپکس گیمز میں خالص سونے کے تمغے دیئے گئے جن میں 1904ءامریکہ سینٹ لوئیس ، 1908ءلندن اولمپکس اور 1912ءسٹاک اولمپکس شامل ہیں ۔