شام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے:ایران

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک)ایران نے کہا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں اپنے برادر ملک شام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے جبکہ بحران کے دوران ملک میں تباہ ہونیوالے جوہری پاور پلانٹس کی دوبارہ تعمیر کیلئے بھی تیار ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملکی دورے پر آئے ہوئے شام کے وزیر بجلی عماد خامیس کے ساتھ تعاون کی ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیر توانائی ماجد نامجو نے کہا کہ ایران شام کو اس مشکل صورتحال میں تنہا نہیں چھوڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ شام نے ہمیشہ ایران کی اسلامی سٹیبلشمنٹ اور عوامی حقوق کیلئے تعاون کیا اور یہی وجہ ہے کہ اب ایک ایسے وقت میں شام مشکل اور پیچیدہ صورتحال سے دوچار ہے ہم اس کی بھرپور معاونت کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ایران شام میں تباہ شدہ جوہری پاور پلانٹوں کی دوبارہ تعمیر کیلئے بھی بھرپور معاونت فراہم کریگا۔