مصر میں معزول صدر مرسی کے حامیوں اور مخالفین میں جھڑپیں ، 140افرادجاں بحق، ہزاروں زخمی

مصر میں معزول صدر مرسی کے حامیوں اور مخالفین میں جھڑپیں ، 140افرادجاں بحق، ...
مصر میں معزول صدر مرسی کے حامیوں اور مخالفین میں جھڑپیں ، 140افرادجاں بحق، ہزاروں زخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

قاہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مصر میں معزول صدر مرسی کی گرفتاری کے اعلان کے بعد جمعہ کی شام سے ملک کے مختلف علاقوں میں پھوٹنے والے ہنگاموں میں 140افراد جاں بحق اورپانچ ہزار سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ملک کی فضا انتہائی کشیدہ ہے۔برطرف صدر کی جماعت ”اخوان المسلمون“ نے محمد مرسی کی بحالی اور فوجی اقدام کی مخالفت پر جمعے کو”یوم الفرقان“قرار دیتے ہوئے اپنے حامیوں سے ملک گیر مظاہروں کی اپیل کی تھی۔دوسری جانب محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹنے والے مصری فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح السیسی نے بھی مصری عوام سے کہا تھا کہ وہ جمعے کو بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل کر”فوج کو دہشت گردی اور تشدد سے نبٹنے کا مینڈیٹ دیں“۔بتایاگیاہے کہ نصر شہرمیں مرسی کے حامیوں کے جمع ہونے کے بعد جھڑپیں شروع ہوئیں ۔پریس ٹی وی کے مصر میں میڈیکل ذرائع کے مطابق جمعہ کی شام سے ہنگاموں میں کم ازکم 140افرادجاںبحق اور5200زخمی ہوگئے تاہم وزارت صحت کے مطابق بیس افراد جاں بحق اور177زخمی ہوئے ہیں۔فریقین کی جانب سے بیک وقت مظاہروں کی اپیل کے بعد ساڑھے آٹھ کروڑ آبادی والے عرب دنیا کے سب سے بڑے ملک میں محاذ آرائی اور تشدد میں اضافہ ہوگیا، دارلحکومت قاہرہ میں ساری رات مظاہرہ جاری رہا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شہر میں سینکڑوں مشتعل مظاہرین کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں جو آتشیں اسلحہ استعمال کررہے ہیں جبکہ عمارتوں کی چھتوں پر چڑھے ہوئے لوگ نیچے موجود مظاہرین پر پتھر برسا رہے ہیں۔