امریکہ مصری فوج کو اسلحے کی فراہمی بند کرے:فضل الرحمان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ امریکہ مسلم ممالک میں جمہوریت نہیں آمریت چاہتا ہے اور وہ مسلم ممالک میں مداخلت کر کے امن تباہ کرنے کا موجب بن رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مصر کے صدر ڈاکٹر مرسی کی گرفتاری اور معصوم جانوں کا ضیاع قابل مذمت ہے۔ امریکہ مصری فوج کو اسلحے کی فراہمی بند کرے۔ انہوں نے مصر کی صورتحال پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ کی خاموشی کو افسوس ناک قرار دیا اور کہا کہ مصر کے حالات کا ذمہ دار امریکہ ہے جس کی مداخلت کے باعث مصر خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہا ہے۔