ویکی پیڈیا نے امریکی پارلیمنٹ پر ایڈٹ کی پابندی عائد کردی

ویکی پیڈیا نے امریکی پارلیمنٹ پر ایڈٹ کی پابندی عائد کردی

نیویارک (این این آئی)ویکی پیڈیانے امریکی پارلیمنٹ کے ایوان نمائندگان کے کمپیوٹروں سے کی جانے والی مسلسل تخریبی اور شرپسند ایڈیٹنگ کی وجہ سے ان کے کمپیوٹروں سے اپنے صفحات میں ترمیم اور اصلاح کی سہولت پر پابندی لگا دی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وکیپیڈیا کی جانب سے یہ 10 روزہ پابندی اس وقت لگائی گئی جب کسی نے فرضی نام سے سیاست دانوں، کاروباری اداروں یہاں تک کہ جان ایف کینیڈی کے قتل سے متعلق معلومات میں بھی ترامیم کر دی تھی ان ترامیم میں امریکی سابق وزیر دفاع ڈونلڈ رمسفیلڈ کی سوانح میں ترمیم کرکے انھیں ایک ایلیئن لیزرڈ‘ یعنی کسی دوسرے کرے سے آنے والا گرگٹ لکھ دیا گیا تھا۔

ایوان نمائندگان میں کام کرنے والے ایک شخص نے بتایا کہ دو تین لوگوں کی غلطی کی سزا ان سب کو مل رہی ہے۔واضح رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کے آئی پی ایڈریس والے کمپیوٹروں پر پہلے بھی اسی قسم کے تخریبی عمل کے لیے پابندی لگائی جا چکی ہے۔یہ پابندی اس وقت عائد کی گئی جب ٹوئٹر نے اس بات کا ایک ہینڈل congressedits@ کے ذریعے انکشاف کیا کہ کس طرح سرکاری آئی پی ایڈریسز سے چیزوں میں ترامیم کی جا رہی ہیں۔

مزید : عالمی منظر