پرچون فروش تاجروں کی رجسٹریشن ، ایف بی آر ملک بھر میں خصوصی سیل قائم کریگا

پرچون فروش تاجروں کی رجسٹریشن ، ایف بی آر ملک بھر میں خصوصی سیل قائم کریگا

                                                    کراچی(این این آئی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے پرچون فروش تاجروں(ریٹیلرز)سے سیلز ٹیکس وصولی اور ان کی رجسٹریشن کے لیے ملک بھر میں خصوصی سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور تاجروں کی فہرستیں تمام ریجنل ٹیکس آفسز کو بھجوا کر ہدایت کی ہے کہ سیلز ٹیکس رجسٹریشن کرانے سے ہچکچانے و مزاحمت کرنے والے تاجروں کی زبردستی سیلز ٹیکس رجسٹریشن کی جائے۔ دستیاب دستاویز کے مطابق تاجروں کی ٹیکس رجسٹریشن اور ان سے سیلز ٹیکس وصولی کے لیے یہ خصوصی سیل ملک کے تمام ریجنل ٹیکس آفسز میں قائم کیے جائیں گے جس کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے ملک بھرکے تمام ریجنل ٹیکس آفسز کو ہدایات جاری کردی ہیں، اس کے علاوہ بجٹ میں تاجروں پر بجلی کے بلوں پر عائد کردہ سیلز ٹیکس وصولی کے میکنزم کے لیے سیلز ٹیکس جنرل آرڈر کے ذریعے پروسیجر جاری کردیا ہے۔ دستاویز میں بتایاگیاکہ ملک کے ہر ریجنل ٹیکس آفس میں قائم کیے جانے والے یہ خصوصی سیل تاجروں سے ٹیکس وصولی کے نظام کی انفورسمنٹ کرائیں گے اور نان کمپلائنس پر اس حوالے سے متعارف کرائے جانے والے قوانین کے مطابق کارروائی کریں گے۔دستاویز کے مطابق آر ٹی اوز میں قائم کیے جانے والے ان خصوصی سیل میں مناسب تعداد میں افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے جو براہ راست کمشنر ان لینڈ ریونیو کو رپورٹ کریں گے۔ دستاویز میں بتایا گیاکہ ریجنل ٹیکس آفسز میں قائم کیے جانے والے یہ سیل نیشنل و انٹرنیشنل چین اسٹور، ایئرکنڈیشنرشاپنگ مال، پلازہ اور سینٹرز میں قائم دکانوں، کریڈٹ کارڈ و ڈیبٹ کارڈ مشینیں رکھنے والے ریٹیلرز، 6 لاکھ روپے سالانہ سے زائد بجلی کا بل رکھنے والے تاجر، ہول سیلر کم ریٹیلرز، بلک میں اشیا درآمد کرنے والے اور ہول سیل کی بنیاد پر اشیا کی سپلائی کرنے والوں پر مشتمل پہلی کٹیگری میں شامل تاجروں کی بغیر کسی تاخیر کے سیلز ٹیکس رجسٹریشن کو یقینی بنائیں گے۔

مزید : کامرس