ٹیم میں مثالی ماحول بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں معین خان

ٹیم میں مثالی ماحول بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں معین خان

    لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر اور چیف سلیکٹر معین خان نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم میں مثالی ماحول بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں اور ٹیم انتظامیہ کا ہر شخص اپنی حدود میں رہ کر کام کررہا ہے،پی سی بی نے کوچز اور تمام لوگوں کے کام کی نوعیت اور حدود کا تعین کردیا ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں اس وقت کیمپ اور ٹیم کا سربراہ ہوں اور میرے ساتھ ہیڈ کوچ وقار یونس اور دیگر تمام کوچز بھرپور تعاون کررہے ہیں۔سب کو بتادیا گیا ہے کہ ان کی حدود کیا ہیں۔کیمپ کے دوران کوشش کی گئی ہے کہ ایک گھر کا ماحول پیدا کیا جائے۔گراﺅنڈ میں وقار یونس کھلاڑیوں سے کام لے رہے ہیں اور تمام کوچز کو ذمے داریاں دے رہے ہیں۔گراﺅنڈ سے باہر میں نے تمام معاملات سنبھالے ہوئے ہیں۔معین خان نے کہا کہ میں نے وقار یونس کے ساتھ بہت کرکٹ کھیلی ہے اور ایک دوسرے کے مزاج کو سمجھتے ہیں۔ہمیں علم ہے کہ کس نے کیا کام کرنا ہے۔میڈیا وقار یونس اور شاہد آفریدی کے بارے میں بھی غلط تاثر دے رہا ہے۔دونوں کو اپنی ذمے داریوں کا احساس ہے اور آپ دیکھیں گے کہ دونوں پاکستان کی بہتری کے کس نے کیا کیا کام کرنا ہے۔معین خان نے کہا کہ جب ٹیم سری لنکا میں میدان میں اترے گی اس وقت آپ کو نتائج بتائیں گے کہ کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ میں کس قدر ہم آہنگی ہے۔   

مزید : کھیل اور کھلاڑی