وزیر اعلٰی نےپیٹرول پمپوں کے پیمانوں میں گڑ بڑ کا نوٹس لے لیا ،کریک ڈاﺅن کا حکم

وزیر اعلٰی نےپیٹرول پمپوں کے پیمانوں میں گڑ بڑ کا نوٹس لے لیا ،کریک ڈاﺅن کا ...

                                    لاہور(لیاقت کھرل) صوبائی دارالحکومت میں واقع 350سے زائد پٹرول پمپوں میں سے 170پٹرول پمپوں پر ناپ تول کے پیمانوں میں گڑ بڑ، رمضان المبارک کے مقدس ماہ کے دوران ناپ تول کے پیمانوں میں 10سے 15فیصد گڑ بڑ ریکارڈ کی گئی، محکمہ لیبر کی ٹیمیں محض اعداد و شمار اور بوگس رپورٹس تیار کر کے حکام کو مطمئن کرتی رہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کا سخت نوٹس، کریک ڈاﺅن کا حکم، ٹیموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا، تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے مقدس ماہ کے دوران پٹرول پمپوں پر بھی اوزان و پیمائش کے پیمانوں میں گڑ بڑ کے سلسلہ نے تیزی اختیار کئے رکھی ہے ”پاکستان “ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو رپورٹ پیش کی گئی ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں پٹرول پمپوں پر ناپ تول کے پیمانوں میں بڑے پیمانے پر گڑ بڑ پائی جانے لگی ہے اور اس میں لاہور میں واقع 350سے زائد پٹرول پمپوں میں سے 170پٹرول پمپوں پر سب سے زیادہ سامنے آئی ہے اور محکمہ لیبر کی ٹیمیں محض خانہ پری کے طور پر کارروائی کر کے اعلیٰ حکام کو مطمئن کرنے کے سوا کچھ نہیں کر رہی ہے ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے پیش ہونے والی رپورٹ پر سخت نوٹس لے لیا ہے اور ڈی سی او لاہور ڈی او لیبر سے رپورٹ طلب کر لی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے حکم پر محکمہ لیبر اور ضلعی حکومت کی ٹیموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور ایک ہفتہ کے اندر شہر بھر میں پٹرول پمپوں پر ناپ تول کے پیمانوں کی چیکنگ ، چالان اور مقدمات درج کرنے کا حکم دیا ہے ، جس پر محکمہ لیبر کی ٹیموں نے گزشتہ روز کریک ڈاﺅن کے دوران 12پٹرول پمپوں پرچھاپے مار کر چار پٹرول پمپوں کو سیل کر دیا ہے، ڈی او لیبر چوہدری محمد نعیم نے ”پاکستان“ کو بتایاکہ شہر کے گرد و نواح میں پٹرول پمپوں پر ناپ تول کے پیمانوں میں گڑ بڑ کی شکایات زیادہ ہوتی ہیں اس کیلئے چھاپہ مار ٹیموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1