مجید نظامی نے ساری زندگی دو قومی نظریے کی حفاظت کیلئے گزاری،مشاہد حسین

مجید نظامی نے ساری زندگی دو قومی نظریے کی حفاظت کیلئے گزاری،مشاہد حسین

لاہور( نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے سینئر صحافی، چیف ایڈیٹر نوائے وقت گروپ اور چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ مجید نظامی کے انتقالِ پرملال پر گہرے دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نے اپنی ساری عمر نظریہ پاکستان اور دوقومی نظریے کی حفاظت کیلئے وقف کردی جبکہ پاکستان میں جمہوریت کے فروغ اور آزادیِ صحافت کے حصول کیلئے خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں

 سینیٹرمشاہدنے رمیزہ نظامی کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ 1962کے بعد کا دور پاکستان کی سالمیت کو یقینی بنانے کیلئے مرحوم مجید نظامی کی انتھک جدوجہد کا گواہ ہے انہوں نے مجید نظامی کی پاکستانی محصورین کی بنگلہ دیش سے منتقلی، کشمیر کاز کی حمایت ، فلسطین اور بوسنیا سمیت امتِ مسلمہ کے تنازعات کے پرامن حل اور پاکستان کو جوہری طاقت منوانے کے سلسلے میں خدمات کو شاندار الفاظ میںخراجِ تحسین پیش کیا۔ سینیٹر مشاہد حسین نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کیلئے دعا کرتے ہوئے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی بھی کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1