مغلپور ہ ،کرائے کے مسئلے پر جھگڑے میں ایک شخص شدید زخمی
لاہور(کرائم سیل) مغلپور ہ بازار میں کرایہ کے تنازع پر دو گروپوں میں تصادم سے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے جبکہ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مغلپورہ کے رہائشی محمد یوسف نے مغلپورہ بازار میں اپنی دکان محمد ناصر کو دے رکھی تھی جو کئی ماہ سے کرایہ ادا نہیں کر رہا تھا۔محمد یوسف گزشتہ روز کرایہ کا مطالبہ کرنے دکان پر گیا تو دونوں میں تلخ کلامی ہو گئی اور کرایہ دار محمد ناصر نے اپنے ساتھیوں سمیت محمد یوسف کو زدو کوب کیا اور ڈنڈوں کے وار کر کے شدید زخمی کر دیا۔محمد یوسف کے بھائی عبدالرحمن اور وقاص کے مطابق لڑائی کی اطلاع ملنے پر جب وہ دکان پر پہنچے تو کرایہ دار محمد ناصر بھاگ چکا تھا جبکہ یوسف کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ڈاکٹروں کے مطابق یوسف کی کمر اور بازووں پر شدید چوٹیں آئی ہیں۔ پولیس نے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔