رائیونڈ تاجروں کے دو گروپوں میں تصادم نائب صدر انجمن تاجران سمیت 3 افراد زخمی

رائیونڈ تاجروں کے دو گروپوں میں تصادم نائب صدر انجمن تاجران سمیت 3 افراد ...

لاہور (کرائم سیل) رائیونڈ کے علاقہ میں تاجروں کے دو گروپوں کے درمیان تصادم ، سپریم کونسل مرکزی انجمن تاجران کے نائب صدر ملک نواز سمیت تین افراد زخمی ہوگئے جبکہ دیگر معجزانہ طور پر محفوظ رہے ۔واقعہ کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ،اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی، زخمی ہونے والوں نے تھانہ سٹی رائیونڈ میں ملزمان کے خلاف درخواست جمع کرا دی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ انجمن تاجران کے ایک گروپ کے صدر مبشر حسین ، بابر مونگا ، رئیس احمد بھولا ، نواز چوہان، شوکت خان، ندیم خان ، لئیق زرگر، فیصل مغل ،حبیب اللہ خان ،سمیع اللہ خان ، حاجی غلا م حسن لبھا، فیصل مرزا و سمیت دیگر بیس پچیس نامعلوم افراد نے اسلحہ سے لیس ہوکر تاجروں کی حقیقی نمائندہ جماعت سپریم کونسل اور مرکزی انجمن تاجران کے عہدیداروں کی دکانوں پر فائرنگ کر دی اور دکانوں پر موجود عملے کو زدوکوب کیا جبکہ ریاض انور فیبرکس کے مالک شیخ ریاض انور کو بدترین تشدد کا نشانہ بناتے ہو ئے انہیں اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے ۔ دکانداروں نے مزاحمت کرتے ہوئے چھڑوانے کی کوشش کی تو زبردست ہوائی فائرنگ کرتے ہو ئے دہشت پھیلا کر وہاں سے فرار ہوگئے ۔تھانہ سٹی رائیونڈ میں مرکزی انجمن تاجران کے صدر میاں عبدالغفارشیخ ، جنرل سیکرٹری منصور حسین بھٹی اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری شیخ ریاض انور نے اپنے ساتھ ہونے والے وقوعہ جات کی تین علیحدہ علیحدہ درخواستیں تھانہ سٹی رائیونڈ میں جمع کروادی ہیں ۔پولیس نے مرزا ندیم بیگ ، مرزا طارق بیگ ، سمیع اللہ خان کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کر لیا ہے اور مصروف تفتیش ہے ۔بازار میں فائر نگ کا واقعہ پیش آنے کے بعد سپریم کونسل مرکزی انجمن تاجران نے نام نہاد تاجر ہنما ؤں کی غنڈہ گردی کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہر ہ کیا اور بازار میں دہشت پھیلانے اور تاجر برداری کو زدوکوب کرنے پر احتجاجی طور پر بازار بند کر دیا ۔ سپریم کونسل مرکزی انجمن تاجران نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری طور پر انصا ف دلایا جائے اور تاجروں کو تحفظ فراہم کیاجائے ۔

مزید : علاقائی