مجید نظامی کے انتقا ل سے ایک تاریخ ساز عہد ختم ہو گیا ، خلا کبھی پر نہ ہو گا ۔ شہباز شریف

مجید نظامی کے انتقا ل سے ایک تاریخ ساز عہد ختم ہو گیا ، خلا کبھی پر نہ ہو گا ۔ ...

لاہور(کامرس رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ’’روزنامہ نوائے وقت‘‘ کے ایڈیٹر ڈاکٹر مجید نظامی کے انتقال پر دلی دکھ اور گہرے افسوس کا اظہارکیا ہے۔وزیراعلیٰ صبح مرحوم کی رہائش گاہ گئے اور سوگوار خاندان سے ڈاکٹر مجید نظامی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم کے جنازہ کو کندھا دیا اورباغ جناح میں نماز جنازہ ادا کی۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے میانی صاحب قبرستان میں تدفین کے بعد ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم کی لحد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اوردعا ئے مغفرت کی ۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم کی شعبہ صحافت ، نظریہ پاکستان کے تحفظ،تحریک پاکستان کے کارکنوں کی فلاح وبہبود ،ملک میں جمہوریت کی سربلندی اورآئین کی بالادستی کیلئے گراں قدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزنامہ ’’نوائے وقت‘‘ کے ایڈیٹر ڈاکٹر مجید نظامی کے انتقال سے صحافت کا ایک روشن اورتاریخ ساز عہد ختم ہوا ہے،بلاشبہ ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم کی جمہوریت اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے کمٹمنٹ غیرمتنازعہ اور غیر متزلزل تھی۔ پاکستان میں آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی سربلندی کی تاریخ ڈاکٹر مجید نظامی کے ذکر کے بغیرکبھی بھی مکمل نہیں ہوسکتی۔ڈاکٹر مجید نظامی نے ہر دور میں حکمرانوں کا کڑا احتساب کیا اور عوام کی ہر مرحلے پر رہنمائی کی۔ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم کی لارنس روڈ پرواقع رہائش گاہ پر اظہار تعزیت کے بعدسوگوار خاندان اور باغ جناح میں نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ ڈاکٹر مجید نظامی کے انتقال سے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اور ایک تاریخ ساز عہد ختم ہو گیا ہے۔ ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہوگا۔بلاشبہ ڈاکٹر مجید نظامی ایک سچے اورمحب وطن پاکستانی تھے اورپاکستان کی نظریاتی اساس کے امین تھے۔ڈاکٹر مجید نظامی نے ہمیشہ نظریہ پاکستان کا بھر پور تحفظ کیا۔انہوں نے ’’نظریہ پاکستان ٹرسٹ ‘‘کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں میں جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کیااور نظریہ پاکستان کی ترویج و اشاعت کیلئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم نے آمریت کے سامنے کبھی سر نہیں جھکایابلکہ ہمیشہ جابر حکمران کے سامنے ڈٹ کر کلمہ حق کہا ۔ ڈاکٹرمجید نظامی تمام عمر ملک میں جمہوریت اورجمہوری اقدار کے استحکام کیلئے کوشاں رہے،بلاشبہ ڈاکٹر مجید نظامی ایک قومی اثاثہ تھے جو ہم سب کو اکیلا چھوڑ گئے ہیں اوران کے بچھڑنے کا دکھ ہمیشہ رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مجید نظامی کے انتقال پر مجھے دلی صدمہ پہنچا ہے۔ وہ میرے لئے ایک شفیق بزرگ کی حیثیت رکھتے تھے۔

مزید : صفحہ آخر