’چین میں اگر یہ ایک کام ہوگیا تو 2 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو نوکریاں مل جائیں گی‘
بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) دوست ملک چین نے ہر حال پاکستان کی مدد کی ہے، حتیٰ کہ اب اس کے ہاں متوقع ایک سنجیدہ مسئلے کے نتیجے میں بھی پاکستان کو بڑا فائدہ پہنچ سکتا ہے اور لاکھوں لوگوں کو روزگار میسر آ سکتا ہے۔
ویب سائٹ ٹیک جوس کی رپورٹ کے مطابق چین میں ملبوسات کی تیاری کے اخراجات اور قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں اس کاروبار کا قابل ذکر حجم دیگر ایشیائی ممالک کی جانب منتقل ہوگا جس کے نتیجے میں ان ممالک میں ملبوسات کی تیاری کے شعبے میں ملازمتوں کی بڑی تعداد پیدا ہوگی۔ ورلڈ بینک کی جانب سے جاری کی جانے والی ایک تازہ رپورٹ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ چین کی موجودہ پالیسی کے تحت اگر اس کے ملبوسات کی قیمت میں 10 فیصد اضافہ ہوتا ہے تو اس کے نتیجے میں پاکستان کی جانب منتقل ہونے والے کاروبار سے تقریباً دو لاکھ 20 ہزار پاکستانیوں کو نئی ملازمتیں ملیں گی۔
” اب تمہاری خیر نہیں“ بھارت کی وہ حرکت جس نے چینیوں کو غصے سے آگ بگولا کر دیا، بدلہ لینے کا واضح اعلان کر دیا
رپورٹ کے مطابق چین دنیا بھر میں تیار کئے جانے والے ملبوسات کا تقریباً 41 فیصد تیار کرتا ہے، جس میں سے بڑی مقدار ترقی یافتہ ممالک کو برآمد کی جاتی ہے۔ امریکہ اور یورپی یونین کے ممالک چینی ملبوسات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد دیگر جنوبی ایشیائی ممالک کا رخ کریں گے۔ ایک اندازے کے مطابق ان ممالک میں مجموعی طور پر تقریباً 15 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی جن میں سے سوا دو لاکھ ملازمتیں پاکستان میں پیدا ہوں گی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو اس موقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے اپنی کارکردگی اور پالیسی کو بہتر کرنے کی ضرورت ہوگی تاکہ پیداواری صلاحیت کو درپیش موجودہ مسائل نئی ملازمتوں کی راہ میں رکاوٹ نہ بن جائیں۔