عمران نے کے پی کے کی کارکردگی پیش کرتے وقت پرانی فلم چلائی،رانا بابر
لاہور(پ ر) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ عمران خان نے خیبر پختون خواہ کی کارکردگی پیش کرتے وقت پرانی فلم چلائی ،وہ اپنی جماعت میں ہونے والی بغاوت تو روک نہیں سکے صوبہ کیا چلائیں گے ،عمران خان بتائیں کہ خیبرپختون خواہ میں شعبہ تعلیم اور صحت کے لئے انہوں نے کیا اقدامات کئے ہیں ،ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کے تعلیمی فنڈ سے لاکھوں ہونہار بچے اور بچیاں اپنی تعلیمی پیاس بجھا رہی ہیں۔ تعلیمی فنڈ کے وظائف کے ذریعے کوئی ڈاکٹر بن رہا ہے تو کوئی انجینئر اور کوئی بینکر اور ماہر اقتصادیات بن کر ملک و قوم کی خدمت کر رہا ہے۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پروگراموں کے ذریعے بھی غریب خاندانوں کے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے صوبے بھر کے ہائی سکولوں میں آئی ٹی لیبز قائم کی گئی ہیں جبکہ لاکھوں لیپ ٹاپ طلبا و طالبات میں تقسیم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے پنجاب کے حکمرانوں نے 40 کروڑ روپے کا سیکرٹ فنڈ قائم کیا کوئی نہیں جانتا کہ یہ فنڈ کہاں خرچ کیا گیا۔ اسی طرح ترقیاتی منصوبوں کے نام پر لوٹ مار کی گئی۔ قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لینے کیلئے احتساب کا کڑا نظام ضروری ہے۔