پی ٹی وی ملازمین کے مسائل حل ہونے چاہیے،مجیب الرحمن شامی
لاہور(خبر نگار خصوصی)پاکستان ٹیلی ویژن ورکر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام فلیٹیز ہوٹل میں تقریب منعقد کی گئی جس میں روز نامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمن شامی کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا ۔ان کے علاوہ اجمل نیازی،چوہدری ناصر،عدیل برکی ، ریاض مسعوداور دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن کے ملازمین کے مسائل حل ہونے چاہیے۔ریاض مسعود قیادت کرتے رہے اور اپنا بنک کا تعاون ساتھ رہاتو ایسی تقریبات ہوتی رہیں گی اور پی ٹی وی ملازمین کے مسائل حل ہوں گے۔معروف کالم نگار اجمل نیازی نے کہا کہ پیسوں کی منصفانہ تقسیم ہونی چاہیے جو پیسے پی ٹی وی ملازمین کیلئے ہیں ان کو دوسرے کاموں پر خرچ نہیں ہونا چاہیے۔رضوان رضی نے کہا کہ پی ٹی وی نے ہمیشہ حب الوطنی کا ثبوت دیا ہے اور قومی عزت اور امنگوں کا مظہر ہے جب دنیا کے ٹی وی چینلز کا موازنہ کیا جائے تو پی ٹی وی کانام ذہن میں آتا ہے ۔پاکستان کے چھوٹے ملازمین کا حقوق کیلئے آواز اٹھانا دکھ کی بات ہے ملازمین کے مسائل خود بخود حل ہوں تو اچھا ہے۔اپنا بنک کے بزنس ہیڈ ناصر چوہدری نے کہا کہ اپنا بنک سب سے پہلے جون 2015میں پنجاب خیبر پختونخواہ اور دیگر شہروں میں متعارف کرایا گیا ۔اس میں 11ارب سے زائد کے ڈپازٹ ہیں اور اپنا بنک ضرورت مندوں کو مائیکرو فنانسنگ کرتا ہے ۔تقریب میں پاکستان ٹیلی ویژن ایمپلائز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی جہاں ان میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں ۔مہمان خصوصی مجیب الرحمن شامی کو اپنا بنک کے بزنس ہیڈ چوہدری ناصرنے خصوصی شیلڈ پیش کی ۔