سنٹرل پنجاب کا صدر بنانے پر عمران خان کا شکر گزار ہوں،عبدالعلیم خان
لاہور(نمائندہ خصوصی) پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے سینٹرل پنجاب کے صدر کے طور پر نامزدگی پر عمران خان اور پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پارٹی کی طرف سے اپنے اوپر کیے گئے اس اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے ، ہر ضلع میں سب کو ساتھ لے کر چلیں گے اور موجودہ تقاضوں کے مطابق پارٹی کو مزید مضبوط اور عوامی بنانے کیلئے عملی اقدامات کریں گے عبدالعلیم خان نے کہا کہ بطور صدر ضلع لاہور اُن کی ٹیم کی کارکردگی آج بھی سب کو یاد ہے انشا ء اللہ اب اس سے بھی زیادہ لگن اور محنت کے ساتھ پی ٹی آئی کے منشور کو ہر شہری تک پہنچانے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں گے عبدالعلیم خان نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے قائد عمران خان کی کال پر لبیک کہتے ہوئے 7اگست سے شروع ہونے والی احتجاجی تحریک کی پر زور تیاری شروع کر دیں اور نواز لیگ کی کرپٹ حکومت کو بے نقاب کرنے ، حکمرانوں کے احتساب اور کرپشن کے خاتمے کے حتمی معرکے کا شاندار طریقے سے حصہ بنیں اورمینار پاکستان کے جلسوں ،14 اگست کے لانگ مارچ سے لے کر 15دسمبر 2014کے لاہور شٹ ڈاؤن کی تحریک کی دوبارہ یاد تازہ کریں عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ اپنی موت آپ مر رہا ہے اور عمران خان پاکستان کے عوام کے اصل نجات دہندہ ثابت ہوں گے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے ۔ دریں اثناء پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی محمد شعیب صدیقی ،میاں محمد اسلم اقبال،مراد راس ،سعدیہ سہیل اور شہنیلا روتھ ، سابق صدر پنجاب اعجاز چوہدری ،پارٹی کے مرکزی رہنماؤں شفقت محمود،رائے عزیز اللہ ، جمشید اقبال چیمہ ،ظہیر عباس کھوکھر ،علی امتیاز ،حافظ فرحت عباس، خواجہ جمشید امام،یامین ٹیپو اور میاں محمد افتخار نے سینٹرل پنجاب کے صدر نامزد ہونے پر عبدالعلیم خان کو مبارکباد یتے ہوئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے