لیڈیز پولیس اسٹیشن لٹن روڈپربیلف کا چھاپہ، غیرقانونی حراست خاتون بازیاب

لیڈیز پولیس اسٹیشن لٹن روڈپربیلف کا چھاپہ، غیرقانونی حراست خاتون بازیاب

  

لاہور(نامہ نگار)بیلف نے لیڈیز پولیس اسٹیشن لٹن روڈپرچھاپہ مار کر 5روز سے غیرقانونی حراست میں رکھی گئی ارشاد بی بی کو بازیاب کرکے عدالت میں پیش کردیا۔عدالت نے خاتون کو آزاد کرتے ہوئے تھانیدار سمیت دیگر اہلکاروں کے خلاف ایس ایس پی انوسٹی گیشن کوکارروائی کا حکم دے دیاہے۔ایڈیشنل سیشن جج محمد نوید اقبال کی عدالت میں چاند نامی لڑکے نے اپنے وکیل کی وساطت سے ارشاد بی بی کو حبس بے جا میں رکھنے کی درخواست دائر کی۔انہوں نے موقف اختیار کیا کہ لیڈیز پولیس اسٹیشن میں محمد اکمل اے ایس آئی نے شیراکوٹ کی ارشادبی بی کو 5روز سے محبوس رکھا ہوا ہے۔پولیس اہلکار خاتون کو لے جاتے ہوئے اس کے دودھ پیتے بچے کو گھر کے اندر اکیلا چھوڑ گئے۔انہوں نے استدعا کہ ارشادبی بی کو برآمد کرایا جائے۔ عدالتی حکم پر بیلف نے تھانہ پر چھاپہ مارا تو ارشاد بی بی کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں تھا اور نہ ہی اس کو تھانے میں رکھنے کا اندراج تھا۔ بیلف نے خاتون کو برآمد کرکے عدالت میں پیش کردیا۔

اے ایس آئی محمد اکمل نے بتایا کہ ارشاد بی بی چوری کے کیس میں ملوث ہے تاہم عدالت میں کوئی ثبوت پیش نہ کیا گیا اسی دوران عدالت میں ارشاد بی بی کے دو سالہ بچے کو پیش کیا گیا جو ماں کو دیکھ کر زاروقطار رونے لگا عدالت نے بچے کو ماں کے حوالے کرتے ہوئے اسے آزاد کردیا اور متعلقہ اے ایس آئی اور اہلکاروں کے خلاف ایس ایس پی انوسٹی گیشن کو کارروائی کا حکم دے دیاہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -