سندھ میں وزیر اعلی کی تبدیلی خوش آئند ہے،حامد رضا
لاہور(خبر نگار خصوصی) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نواز شریف جنرل جیلانی کی انگلی پکڑ کر سیاست میں آئے۔ شریف برادران نے اقتدار میں آکر 27فیکٹریاں بنائیں۔ سندھ میں وزیر اعلی کی تبدیلی خوش آئند ہے۔ خیبر پختون خواہ میں وزیر اعلیٰ کے صوابدیدی فنڈز کے خاتمے اور دوسری اصطلاحات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
ن لیگ نے آزاد کشمیر کا الیکشن دھن اور دھونس سے جیتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر علی گیلانی اور میر واعظ کی گرفتاری بھارتی بو کھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ بھارت حریت قائدین کو رہا کرے۔ بھارت ہٹ دھرمی ترک کرکے حقائق کا سامنا کرے۔ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری کروائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدر ظہور چشتی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے پاکستان فلاح پارٹی کی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں غذائی قلت پر قابو نہ پایا گیا توکو ئی بڑا سانحہ رونما ہوسکتا ہے۔ کشمیری حریت پسند تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ تنازعہ کشمیر پر جرأت مندانہ مؤقف احتیار کرنے کی ضرورت ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ن لیگ دھاندلی کے بغیر کبھی الیکشن نہیں جیتی۔ ملک مہنگائی، بے روزگاری ، بد امنی اور لوڈ شیڈنگ کی آگ میں جل رہا ہے۔ ن لیگ کی حکومت نے کو ئی انتخابی وعدہ پورا نہیں کیا۔ حکومت کی تین سالہ کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے۔