ہماری نیک نیت قیادت پاکستان کوسماجی برائیوں سے پاک کرکے دم لے گی،الطاف شاہد
لاہور(نمائندہ خصوصی) پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر چودھری محمدالطاف شاہد نے کہا ہے کہ ہماری نیک نیت اورتازہ دم قیادت پاکستان کوسماجی برائیوں سے پاک کرکے دم لے گی۔پاکستان کااستحکام اورسیاسی انتقام کاانجام پاک سرزمین پارٹی کی سیاست کامحور ہے ۔پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی صدرانیس قائم خانی کیخلاف درج مقدمات ناجائزاوربوگس ہیں،انہیں باعزت طورپررہاکیاجائے۔پاک سرزمین پارٹی پاکستان اورپاکستانیوں کی تواناآواز ہے جوہرظلم وزیادتی کیخلاف ابھرے گی ۔کراچی سمیت ملک بھرمیں معاشی سرگرمیاں بحال کرناہوں گی ۔ دعا ہے سندھ میں آئینی تبدیلی شہرقائد ؒ کیلئے پائیدارامن کی نوید لے کرآئے اورکراچی کے لوگ پرسکون نیند کے مزے لے سکیں ۔
مصطفی کمال ،انیس قائم خانی اور رضاہارون مادروطن کے پرعزم نوجوانوں کوافکارقائدؒ کی آبیاری کیلئے منظم اورمتحدکرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ وہ پاک سرزمین پارٹی کے کارکنان کے اعزاز میں ایک پروقار عشائیہ سے خطاب کررہے تھے ۔ چودھری محمدالطاف شاہد نے مزید کہا کہ حکمران پارٹیاں عوام کوڈیلیور اورمتحد کریں ۔ملک میں سیاسی رواداری کے فروغ جبکہ منافرت وصوبائیت سے نجات کیلئے سیاسی قیادت اپنااپناکرداراداکرے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے محب وطن نوجوان مصطفی کمال ،انیس قائم خانی اور رضاہارون کاقومی یکجہتی کاپیغام عام کریں۔نفاق ،نفرت ،منافرت اورتصادم کی سیاست ریاست کیلئے زہرقاتل ہے ،اس ست گریز کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کے قائدین مصطفی کمال ،انیس قائم خانی اور رضاہارون قومی سوچ کے حامل ہیں ،نوجوانوں سمیت معاشرے کاہرطبقہ پاک سرزمین پارٹی کے کاز کواپناکازبنائے ۔