بنگلہ دیشی پولیس سے جھڑپوں میں 9 شدت پسند ہلاک

بنگلہ دیشی پولیس سے جھڑپوں میں 9 شدت پسند ہلاک

  

ڈھاکہ (این این آئی)بنگلہ دیشی پولیس نے دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک جھڑپ کے دوران نو شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بنگلہ دیشی پولیس سربراہ نے کہاکہ پولیس میر پور کے پاس کلیان پور کے ایک رہائشی علاقے میں تلاشی کی کارروائی کر رہی تھی تبھی ان پر بم سے حملہ کیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ انھیں علاقے کی ایک عمارت میں بعض شدت پسندوں کی موجودگی کی خفیہ خبر ملی تھی۔پولیس نے تقریبا نصف رات میں اپنی چھاپے کی کارروائی شروع کی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ شدت پسندوں کے ساتھ تقریبا ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں نو شدت پسند ہلاک ہوئے ۔پولیس سربراہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ جن شدت پسندوں نے ڈھاکہ میں حال ہی گلشن علاقے میں حملہ کیا تھا تقریبا اسی نوعیت کے یہ شدت پسند بھی تھے۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کا تعلق کس گروپ سے ہے لیکن پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں بھی لیا ہے۔ڈھاکہ میں اس وقت ہر جانب سکیورٹی کا سخت پہرہ ہے اور کل شام سے ہی مختلف جگہوں پر بم کو ناکارہ بنانے والے دستے ہوٹلوں اور بعض کمرشل عمارتوں میں تلاشی مہم میں لگے ہیں۔بنگلہ دیش میں حالیہ مہینوں میں کئی سیکولر رائٹرز، بلاگرز اور بعض مذہبی شخصیات پر بہیمانہ حملے ہوئے ہیں۔اسی ماہ ڈھاکہ کے ایک پاش کیفے میں شدت پسندوں کے حملے میں 20 افرد ہلاک ہوئے تھے جس میں بیشتر بیرونی ممالک کے لوگ تھے۔

مزید :

عالمی منظر -