ہر مہاجر کو مشتبہ دہشتگرد نہ سمجھا جائے: جرمن وزیر داخلہ

ہر مہاجر کو مشتبہ دہشتگرد نہ سمجھا جائے: جرمن وزیر داخلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


برلن(این این آئی)جرمن وزیر داخلہ تھوماس ڈے میزیئر نے کہاہے کہ ملک میں غیر ملکیوں کی جانب سے حالیہ پر تشدد واقعات کے بعد جرمنی میں موجود تمام مہاجرین یا تارکین وطن کو مشکوک یا مشتبہ دہشت گرد نہ سمجھا جائے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جرمن وزیر داخلہ تھوماس ڈے میزیئر نے اس صورت حال کے پیش نظر خبردار کیا ہے کہ ملک میں موجود سبھی مہاجرین پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کا شبہ کرنا انتہائی غلط ہو گا۔ ڈے میزیئر کا کہنا تھاکہ اگرچہ مقدمات کی انفرادی چھان بین میں تارکین وطن کے ملوث ہونے کے ثبوت ملتے ہیں تاہم اس کے باوجود ہمیں ہر مہاجر پر اس کے ممکنہ طور پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کا شبہ نہیں کرنا چاہیے۔جرمن شہر اَیسن میں ایک مقامی میڈیا گروپ کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھاکہ جرمنی میں نئے آنے والے لاکھوں غیر ملکیوں میں سے اس وقت صرف 59 افراد پر شبہ ہے کہ ان کے دہشت گرد تنظیموں سے تعلقات ہیں اور ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ روئٹلِنگن اور انسباخ میں پیش آنے والے واقعات نے انہیں ذاتی طور پر بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی دلی ہمدردیاں ان واقعات میں زخمی اور ہلاک ہونے والوں کے ساتھ ہیں۔جرمن وزیر داخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ تمام تارکین وطن کے بارے میں استقبالیہ مراکز پر ہی مکمل چھان بین کر کے انہیں یورپ آنے کی اجازت دی جانا چاہیے۔

مزید :

عالمی منظر -