لاہور میں گورنمنٹ سکیم کے عازمین کا5روزہ حج تربیتی پروگرام شروع ہو گیا
لاہور (ڈویلپمنٹ سیل)ڈائریکٹر حج لاہور سعید احمد ملک نے بتایا ہے کہ گورنمنٹ سکیم کے تحت لاہور سے جانے والے عازمین کو مناسک حج کی تربیت دینے کے لئے 5روزہ حج تربیتی پروگرام حاجی کیمپ نکلسن روڈ لاہور میں شروع ہیں جو30جولائی تک جاری رہیں گے ۔ تمام عازمین حج کا طر یقہ سیکھنے اور انتظامی امور سے آگاہی حاصل کرنے کے لئے اپنی شر کت یقینی بنائیں اور اس مقصد کے لئے وزارت مذہبی امور کی طرف سے دی جانے والی مقررہ تاریخ پر ہی حاجی کیمپ آئیں۔انہوں نے بتایا کہ گورنمنٹ سکیم کے عازمین حج کو روانگی پروازوں کی اطلاع دینے کے لئے انہیں فلائٹ شیڈول ارسال کر دیا گیا۔اس کے علاوہ وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ www.hajjinfo.orgپر بھی فلائٹ شیڈول مہیا کر دیا گیا ہے ۔کامیاب درخواست دہند گان اپنی حج درخواست یا قومی شناختی کارڈ کا نمبر اینٹر کر کے اپنی پرواز کی تاریخ ‘ وقت‘ مقام روانگی اور ائر لائن کے بارے میں تفصیلات معلوم کر سکتے ہیں ۔حج کی پروازوں کی حجاز مقدس روانگی 4اگست سے شروع ہو کر 5ستمبر تک جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہتمام عازمین حج چہل قدمی اور ہلکی ورزش کو اپنا معمول بنائیں ‘ حج کا طریقہ ‘ مسائل اور دعائیں یا د کر لیں۔