لاہور ہائیکورٹ کاپاناما لیکس سے متعلق تمام درخواستوں کو یکجا کر نے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ کاپاناما لیکس سے متعلق تمام درخواستوں کو یکجا کر نے کا حکم

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے نیب کی طرف سے پانامالیکس کی تحقیقات شروع نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر پاناما لیکس سے متعلق تمام درخواستوں کو یکجا کر نے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت آج 27جولائی تک ملتوی کر دی۔ درخواست گزار کے وکیل محمد اظہر صدیق نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ نیب کو پانامہ لیکس کی تحقیقات شروع کرنے کیلئے درخواستیں دی ہیں، وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کے تمام ثبوت فراہم کر دیئے ہیں لیکن پھر بھی نیب خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے، نیب پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کیخلاف تحقیقات شروع نہ کی جائیں، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ نیب آرڈیننس کے تحت کسی بھی مالی کرپشن کی شکایات پر انکوائری کرنا نیب کی بنیادی ذمہ داری ہے لہذا نیب کو پاناما لیکس میں ملوث شریف خاندان سمیت دیگر سیاسی شخصیات کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کا حکم دیا جائے، عدالت کو بتایا گیا کہ اسی معاملے پر لاہور ہائیکورٹ میں پہلے بھی درخواستیں زیر سماعت ہیں جس پر عدالت نے زیر سماعت درخواستوں کو یکجا کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت آج 27جولائی تک ملتوی کر دی۔

مزید :

صفحہ آخر -