میٹرو بس اسٹیشنز پر لگنے والے ٹکٹنگ بوتھ ملتان پہنچ گئے
ملتان (نمائندہ خصوصی)ملتان میٹرو بس پراجیکٹ کے بس اسٹیشنز پر لگنے والے ٹکٹنگ بوتھ ملتان پہنچ گئے ۔یہ بوتھ میٹرو اسٹیشنز کی برج پر نصب کئے جائیں گے ۔ان بوتھ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے لیس سسٹم نصب کیا جائے گا۔ ماڈل کے طورپر ایک ٹکٹ گھر شاہ رکن عالم میٹرو بس اسٹیشن (بقیہ نمبر34صفحہ7پر )
جبکہ دوسرا بہاؤ الدین زکریا میٹرو بس اسٹیشن پر نصب کیا جا رہا ہے ۔ ماڈل میٹرو بس اسٹیشن شاہ رکن عالم میں بجلی کی وائرنگ جاری ہے اورپنکھے لگا نے کا کام مکمل ہو گیاہے۔ چوک کمہارانوالہ سے پیپلز کالونی کے درمیان پیکج فائیو کے فلائی اوور اور آن گراؤنڈ میٹرو بس کاریڈور اور کیرج وے کی روڈ مارکنگ کیلئے مشین بھی منگوالی گئی ۔میٹرو بس پراجیکٹ انتظامیہ کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد روڈمارکنگ شروع کر دی جائے گی۔5 دریں اثناء ملتان میٹرو بس منصو بے کے ٹیکنیکل ایڈوائزر صابر سدوزئی نے میٹرو بس اسٹیشنز کے کنٹریکٹرز کو تمام سٹیل سٹرکچر31 جولائی تک نصب کر نے کا ہدف دے دیا ۔ میٹرو بس اسٹیشنز کے لوہے کے فریم تیار کر نے والے کنٹریکٹرز سے انہوں نے کہا کہ منصو بے پر سول ورک تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور میٹرو اسٹیشن کی تکمیل اب اصل ٹارگٹ ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام میٹرو بس اسٹیشنز پر برقی زینے اور لفٹ پہنچا دی گئی جبکہ ماڈل کے طور پر تیار ہو نے والے شاہ رکن عالم میٹرو بس اسٹیشن کوحتمی شکل دی جا رہی ہے جسے مد نظر رکھتے ہوئے دیگر میٹرو اسٹیشنز تیار کئے جائیں گے ۔انہوں نے ہدایت کی تمام کنٹریکٹرز آہنی فریم 31 جو لائی تک متعلقہ میٹرو بس اسٹیشنز پر مہیا کر دیں ۔