انسانی زندگی بچانے کیلئے خون دینا بڑی عبادت ہے ،پی اے کرم

انسانی زندگی بچانے کیلئے خون دینا بڑی عبادت ہے ،پی اے کرم

  

پاراچنار(نمائندہ پاکستان )کرم ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ اکرام اللہ خان اور کمانڈنٹ فرنٹئیرکور عمر ملک نے کہا ہے کہ فاٹامیں انسانی زندگی بچانے کیلئے خون دینے والے اداروں کا قیام حوصلہ افزا ہے اور پولیٹکل انتظامیہ عوامی خدمت میں سرگرم اداروں کی بھر پور سرپرستی کرے گی۔پاراچنار میں معقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پولیٹکل ایجنٹ اکرام اللہ خان اور کمانڈنٹ کرم ملیشیاء کرنل عمر ملک نے کہا کہ فاٹا میں حیدری بلڈ بنک جیسے ادارے کا قیام حوصلہ افزا اقدام ہے او حکومت اس قسم مثبت اور نیک کاموں میں بھر پور معاونت کریگی کیونکہ انسانیت کی خدمت ایک انسان کیلئے سب سے بہتر عمل ہے انہوں نے خادم اعظم عبدالستار ایدھی کو بہترین خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ پولیٹیکل ایجنٹ نے بلڈ بنک کیلئے پانچ لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا اور بلڈ بنک کا اعزازی ممبر بننے کیلئے اپنی طرف سے بھی پچاس روپے دینے کا اعلان کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طوری بنگش قبائل کے رہنما حاجی فقیر حسین ، پروفیسر جمیل کاظمی اور سماجی رہنما ذوالفقار علی بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کرم ایجنسی میں اکیس سالہ سماجی خدمات پر حیدری بلڈ بنک کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر چئیرمین بلڈ بنک حاجی امجد حسین ، لیاقت حسین ، سید نجات حسین نے مہمان خصوصی اور تمام مہمانوں کا تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -