عوام اصلی نمائندوں کوسمجھتے ہیں، آزادکشمیرانتخابات میں جیت واضح مثال ہے:مسلم لیگ ن یواے ای

عوام اصلی نمائندوں کوسمجھتے ہیں، آزادکشمیرانتخابات میں جیت واضح مثال ...
عوام اصلی نمائندوں کوسمجھتے ہیں، آزادکشمیرانتخابات میں جیت واضح مثال ہے:مسلم لیگ ن یواے ای

  

دبئی (طاہرمنیرطاہر)اس بات میں کوئی شک اور شبہ والی بات نہیں ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن ہی ملک کی سب سے بڑی اور عوام الناس کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے جسے پاکستان کے کروڑوں غیور عوام کا ساتھ اور بھاری ووٹ بینک حاصل ہے جس کی حالیہ مثال آزاد کشمیر میں انتخابات میں پی ایم ایل این کی اکثریت سے جیت ہے۔ عوام اصلی سیاسی نمائندوں اور ڈرامے بازوں کو اب بخوبی سمجھنے لگے ہیں۔ پی ایم ایل ین کے تمام ساتھی اور ارکان اپنے محبوب قائد محمد نوازا شریف کے ساتھ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ متحدہ عرب امارات کے صدر طاہر بھنڈر کی طرف سے دئیے جانے والے ایک عشائیہ میں کیا گیا جس میں مسلم لیگ ن گلف ریجن کے صدر چودھری نور الحسن تنویر مہمان خصوصی تھے جبکہ دیگر لیگی ارکان غلام مصطفی مغل، چودھری خالد بشیر، رضا شاہد، توقیر بھنڈر،محمد غوث قادری، سید امداد حیدر شاہ، راجہ ابوبکر آنندی، خواجہ عبدالوحید پال، شہزاد ملک و دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جس قدر ترقی مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں کی ہے اس قدر ترقی کسی دور میں نہیں ہوئی۔ اب بھی ترقی کی منازل روز بروز طے ہورہی ہیں جن میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی خدمات بھی لائق تحسین و آفرین ہیں۔ مقررین نے کہا کہ یو اے ای میں مسلم لیگ ن اپنے قائدین چودھری نور الحسن تنویر اور چوہدری محمد الطاف کی قیادت میں متحد ہے اور ایک ہے۔ تمام کارکنان اپنے لیڈران کے صلاح و مشورہ اور تعاون سے کام کررہے ہیں۔

اس موقع پر چودھری نورالحسن تنویر نے محمد نواز شریف کے جلاوطنی کے دور میں پارٹی کو یو اے ای میں زندہ رکھنے پر اس وقت کے صدر امجد بٹ پسروری اور ان کے ساتھیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پارٹی کے لئے ان لوگوں کی کوششوں اور قربانیوں کو یقینا یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر توقیر بھنڈر کو پی ایم ایل این یوتھ ونگ برائے متحدہ عرب امارت کا میڈیا کو آرڈی نیٹر مقرر کیا گیا جبکہ صحافی خالد محمود گوندل کے والد کے انتقال کے موقع پر مشترکہ طور پر دعائے مغفرت بھی کی گئی۔

مزید :

عرب دنیا -