قائم علی شاہ کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے رہیں گے ،مراد علی شاہ سے تعلقات پہلے ہی بہت اچھے ہیں :گورنر سندھ

قائم علی شاہ کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے رہیں گے ،مراد علی شاہ سے تعلقات پہلے ہی ...
قائم علی شاہ کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے رہیں گے ،مراد علی شاہ سے تعلقات پہلے ہی بہت اچھے ہیں :گورنر سندھ

  

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )گورنر سندھ عشرت العباد نے کہا ہے کہ قائم علی شاہ کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے رہیں گے ،جس طرح شاہ صاحب کے دور میں وزیر اعلیٰ ہاوس اور گورنر ہاوس کے درمیان تعلقات تھے ،امید ہے کہ مراد علی شاہ کے دور میں بھی تعلقات اسی طرح قائم رہیں گے ۔ان کا کہنا ہے کہ 29جولائی کو سندھ اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا ہے جس میںحلف برداری کی تقریب ہو گی ۔

گورنر ہاوس میں وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے استعفیٰ کے بعد میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے عشرت العباد نے کہا کہ مراد علی شاہ کے ساتھ پہلے سے ہی ورکنگ ریلیشن بہت اچھا ہے ،وہ ایک متحرک رہنما ہیںجنہوں نے مشکل ترین محکموں کی رہنمائی کی اور بہت ہی احسن انداز میں اپنے کام کو سرانجام دیا ۔انہوں نے کہا کہ قائم علی شاہ کے دور میں گورنر ہاوس اور وزیر اعلیٰ ہاوس کے درمیان رشتہ قائم رہا ،صوبے کی ترقی کے کام میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور سارے کام باہمی مشاورت سے ہوئے ۔ان کا کہنا تھا کہ جس طرح قائم علی شاہ کی سربراہی میں مثالی تعاون جاری رہا ،امید ہے مراد علی شاہ کے ساتھ بھی اسی طرح تعاون جاری رہے گا ۔عشرت العباد نے کہا کہ صوبے میں لا اینڈ آرڈر ،جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردی جیسے مسائل ہیں ،ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور استحکام کے لیے سب مل کر چلیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں قیادت کی تبدیلی کے حوالے سے آصف علی زرداری اوربلاول بھٹو نے انتہائی خوش اسلوبی کے ساتھ خوبصورت انداز میں فیصلہ کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ کبھی ایسا لمحہ نہیں آیا جب قائم علی شاہ سے ناراضگی ہوئی ہو ،وہ ایک تجربہ کار رہنما ہیں جن سے سب کو فائدہ حاصل ہوا ۔

مزید :

کراچی -