سانحہ صدر کراچی ،آرمی جوانوں کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری ،سی ٹی ڈی تھانے میں مقدمہ درج، 7مشتبہ افراد گرفتار

سانحہ صدر کراچی ،آرمی جوانوں کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری ،سی ٹی ڈی ...
سانحہ صدر کراچی ،آرمی جوانوں کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری ،سی ٹی ڈی تھانے میں مقدمہ درج، 7مشتبہ افراد گرفتار

  

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کے علاقے صدر پارکنگ پلازہ کے قریب شہیدہونے والے دو فوجی اہلکاروں کے قتل کامقدمہ سی ٹی ڈی گارڈن تھانے میں درج کرلیا گیاہے، واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف علاقوں سے 7مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیاہے جبکہ جائے وقوع کی جیوفینسنگ کرانے کے علاوہ انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورک کو بھی چیک کیا جائے گا۔

نجی ٹی وی ’’دنیا نیوز ‘‘ کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں فوجی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے حوالے سے یہ با ت سامنے آئی کہ دوپہر دو سے چار بجے تک پارکنگ پلازا کے کیمرے بند ہونے پر سیکیورٹی ادارے نے کنٹرول روم کے دو آپریٹروں کو حراست میں لے لیا جبکہ کراچی میں فوجی اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ،سی ٹی ڈی گارڈن تھانے میں درج کرلیا گیا۔ملٹری پولیس کے صوبیدار محمد اقبال کی مدعیت میں درج مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔دہشت گردی کی اس بزدلانہ واردات سے متعلق جو نئی تفصیلات سامنے آئیں، ان کے مطابق فوجی گاڑی پر موٹر سائیکلوں پر سوارہیلمٹ پہنے چار ملزمان نے فائرنگ کی۔واردات بریگیڈتھانے کی حدمیں ہوئی، لیکن فائرنگ کے بعد گاڑی چلتی ہوئی جس مقام پر رکی وہ صدر تھانے کی حد میں آتی ہے، یوں واقعے کے بعد دونوں تھانوں میں حدود کا تنازع سامنے آیا، تاہم ایس پی صدر سمیع اللہ سومرو کیمطابق ضابطے کی کارروائی صدر تھانے نے مکمل کی۔ایس پی صدر کے مطابق جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے دو سکے ملے، مگر کوئی خول نہیں ملا، سکوں کو پولیس نے تحویل میں لے کر فارنزک کیلیے بھجوادیا ہے، تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے وقوع کی جیوفینسنگ کرائی جائے گی۔شہید اہلکاروں کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں جوانوں کو مجموعی طور پر 7 گولیاں،بائیں جانب سے لگیں اور دائیں جانب سے پار ہوگئیں۔لانس نائیک عبدالرزاق کو چار گولیاں لگیں، دو چہرے، ایک سر اور ایک بائیں بازو پر،جبکہ سپاہی خادم حسین کو تین گولیاں لگیں جن میں سے ایک سر سے پار ہوگئی۔واقعے کے بعد رات گئے قانون نافذکرنے والے اداروں نے لائنزایریا،گارڈن اور شاہ فیصل کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے 7ملزمان کو حراست میں لے کربڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

مزید :

کراچی -