مودی بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ،مجھے قتل بھی کرا سکتے ہیں ،نریندر مودی کے برسر اقتدار رہتے ہوئے بھارت کو محفوظ نہیں کہا جاسکتا : اروند کیجریوال

مودی بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ،مجھے قتل بھی کرا سکتے ہیں ،نریندر مودی کے برسر ...
مودی بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ،مجھے قتل بھی کرا سکتے ہیں ،نریندر مودی کے برسر اقتدار رہتے ہوئے بھارت کو محفوظ نہیں کہا جاسکتا : اروند کیجریوال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مودی اتنے غصے میں اور بوکھلائے ہوئے ہیں کہ وہ مجھے قتل بھی کروا سکتے ہیں ،کیا ایسے شخص (مودی ) کے ہاتھوں بھارت کو محفوظ کہا جا سکتا ہے ۔

معروف ہندوستانی نجی چینل’’این ڈی ٹی وی ‘‘ کے مطابق عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے وزیر اعلیٰ نے اپنے ویڈیو پیغام میں اپنی پارٹی کے اراکین کی گرفتاریوں پر وزیر اعظم مودی کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مودی کی پارٹی ان کی جماعت اور اراکین کے خلاف تمام سرکاری ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے ملک کو خطرے میں ڈال دیا ہے ،وہ عام آدمی پارٹی کی مقبولیت سے اس قدر خوفزدہ اور حواس باختہ ہو چکے ہیں کہ غصے میں مجھے بھی قتل کرا سکتے ہیں ،کیا ایسے شخص کے ہاتھوں بھارت ’’محفوظ ‘‘ ہو سکتا ہے ؟انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے تمام اراکین اور کارکن جیلوں میں جانے کے لئے تیار ہیں اور مرنے سے بھی نہیں ڈرتے ،جو موت سے ڈرتے ہیں وہ کچھ وقت کے لئے پارٹی چھوڑ کر جا سکتے ہیں ۔اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ ہم جب سے اقتدار میں آئے ہیں ہمارے 11اراکین اسمبلی مرکزی حکومت نے گرفتار کئے ہیں ،جبکہ مودی کی پارٹی سرکاری ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے ہمارے اراکین اسمبلی کی وفاداریاں ایسے وقت میں خریدنا چاہتے اور ان کی سیاسی وابستگی کو توڑنا چاہتے ہیں جب عام آدمی پارٹی پنجاب ،گوا اور گجرات میں بھی مقبول ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے علاوہ پورے بھارت میں کوئی ایسی جماعت نہیں جو مودی حکومت کے خلاف آواز اٹھائے ،ہم نے مودی کے آگے جھکنے سے انکار کر دیا ہے ،یہی وجہ ہے کہ وہ بوکھلائے ہوئے اور شدید غصے میں ہیں اور اسی بوکھلاہٹ اور غصے میں وہ مجھے قتل بھی کرا سکتے ہیں ۔ اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کے مقابلے میں نریندر مودی عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں ،جس کی وجہ سے وہ اپنی عقل کھو بیٹھے ہیں اور جب کوئی بھی رہنما عقلی طریقے سے نہیں سوچتا تو ملک کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں اور یہ یقینی طور پر ایسی صورت ملک کے لئے انتہائی تشویش ناک ہے۔انہوں نے نیپال کے ساتھ خراب تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بھی پاکستان کے تعلقات مسلسل بگڑ رہے ہیں ،اگر وزیر اعظم مودی اسی طرح فیصلے لیتے رہے جو ان کی عادت بن چکی ہے تو کیاان حالات میں بھارت محفوظ ہاتھوں میں ہے ؟