حکومت فوڈ اور واٹر سیکورٹی کے معاملات حل کرے:عاطف اکرام شیخ
اسلام آباد(کامرس ڈیسک)ایف پی سی سی آئی کی ریجنل کمیٹی برائے صنعت کے چئیرمین عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے فوڈ اور واٹر سیکورٹی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔پاکستان میں نصف سے زیادہ افراد فوڈ سیکورٹی کے مسئلہ سے دوچار ہیں جبکہ ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ کی صاف پانی تک رسائی نہیں ہے اور وہ گندہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ عاطف اکرام شیخ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ حکومت ملک کے آبی و زرعی مسائل کے ماہرین اور سائنسدانوں پر مشتمل ایک نیا محکمہ بنائے جوتمام متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد آبی اور زرعی پالیسیوں میں عضر حاضر کے تقاضوں اور موسمیاتی تبدیلی کی روشنی میں تبدیلی کی سفارشات پیش کرے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں پانی کی دستیابی تیزی سے کم ہو رہی ہے جس کا اثر زراعت سمیت پر شعبہ پر پڑ رہا ہے۔ ملک میں پانی کی کمی کے سبب زیر زمین پانی پر انحصاربہت حد تک بڑھ گیا ہے جس سے زیر زمین پانی کی سطح مسلسل گر رہی ہے۔ شہری علاقوں میں واٹر سپلائی کا نظام غیر فعال ہو چکا ہے جسکی وجہ سے منافع خور پانی فروخت کرنے کے علاوہ اسکی قیمت میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں۔