چھوٹے کاشتکاروں کی سہولیات کی فراہمی سے زرعی ترقی ممکن ہے ، چیئر مین پی اے آر سی

چھوٹے کاشتکاروں کی سہولیات کی فراہمی سے زرعی ترقی ممکن ہے ، چیئر مین پی اے آر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(آئی این پی) چیئرمین پی اے آر سی ڈاکٹر یوسف ظفر نے کہا ہے کہ چھوٹے کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی سے ہی زراعت کے شعبے میں ترقی ممکن ہو سکتی ہے۔ بین الاقوامی اداروں کی معاونت سے ملک میں مکئی کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے قومی سفری سیمینار برائے مکئی کی تقریب کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی پیداوار میں اضافہ ملکی معیشت میں استحکام کا سبب ہے۔ ملک میں گندم کے سفری سیمینار تو منعقد کیے جا رہے تھے لیکن مکئی کی فصل کے حوالے سیمینار ایک خوش آئندہ قدم ہے چونکہ مکئی پاکستان کی اہم فصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں 22 مختلف پبلک اور پرائیویٹ کمپنیز کے شرکاء کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اس تقریب میں شرکت کی اور اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔ CIMMYT کے ساتھ 50 سالہ مشترکہ تعاون جو کہ اب بھی جاری ہے کی مدد سے ہم پاکستان میں گندم اور مکئی جیسی فصلات کی پیداوار میں اضافے سے کسانوں کی زندگیوں کو بدل رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر امتیاز محمد ، کنٹری نمائندہ CIMMYT نے اپنے خطاب میں کہا کہ CIMMYT اور PARC کا تعاون مستقبل میں اس سے زیادہ مستحکم ہو گا اور پاکستان میں زراعت کی ترقی اور خوراک کے اعلی معیار کے لیے کوئی کسر اُٹھا نہ رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی حکومت اور عوام نے AIP مشن کے تحت پاکستان میں زراعت کی ترقی اور بہتری اور ملکی معیشت کی مضبوطی کے لیے اہم اقدام اُٹھائے ہیں۔ ڈاکٹر محمد عظیم خان، ڈائریکٹر جنرل این اے آر سی نے اس موقع پر ملک میں مکئی کے فصل کے حوالے سے کیے جانے والی تحقیق اور اسکے نتائج کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مکئی کی فصل اپنی بہترین پیداوار دے رہی ہے۔

اور ملک کے کسانوں کو نئی ٹیکنالوجی کی فراہمی سے پیداوار میں اضافہ اور عام کسان کے معیارِ زندگی کو بدلنے میں بہت مدد ملے گی۔ ڈاکٹر محمد علی، ممبر کو آرڈینیشن نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ہم USAID کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو پاکستان میں زراعت کے شعبے کی ترقی و ترویج کے لیے بڑھ چڑھ کر معاونت کر رہے ہیں اور انکی مدد سے ملک میں مکئی سمیت دیگر کئی اہم فصلات کی پیداوار میں نہ صرف اضافہ ہوا ہے بلکہ خوراک کے تحفظ اور اعلی معیار کے بیج کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بہترین فصلات کے حوالے سے سفری سیمینارز کا انعقاد ملک میں زرعی پیداوار میں اضافے اور معیشت کی بڑھوتی کی طرف اہم قدم ہے۔

مزید :

کامرس -