صوبائی محکمہ سکولز ایجوکیشن ،70واںیوم آزادی جوش وجذبہ سے منایا جائے گا
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)صوبائی محکمہ سکولز ایجوکیشن کے زیر اہتمام پاکستان کا سترہواں یوم آزادی نہایت تزک و احتشام سے منایا جائے گا۔اس حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے ترجمان کے مطابق صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ صوبائی سیکرٹری سکولز ایجوکیشن ڈاکٹر اللہ بخش ملک کو اس کمیٹی کا سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے ۔محکمہ سکولز ایجوکیشن کے مرتب کردہ پروگرام کے مطابق جشن آزادی کی تقریبات صوبہ بھر میں یکم تا چودہ اگست کو نہایت شان و شوکت سے منائی جائیں گی۔اس حوالے سے چودہ اگست کو نماز فجر کے بعد پاکستان کی سلامتی اور سماجی ترقی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی، سکولوں میں قومی پرچم لہرائے جائیں گے، جشن آزادی کے حوالے سے تقریبات کے انعقاد کے ساتھ ساتھ شہرلاہور کو خوبصورت رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق جشن آزادی کی تقریبات میں طالب علموں ، اساتذہ اور خواتین کے ساتھ ساتھ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ جشن آزادی کی ان تقریبات کے انعقاد کا مقصد طالب علموں کو قیام پاکستان کی اہمیت اور مسلمانان برصغیر کی عظیم ترین قربانیوں سے آگاہ رکھنے کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو جذبہ حب الوطنی کے ساتھ پاکستان کو دنیا کی عظیم ترین معاشی قوت بنانے کے لئے ابھارنا ہے