لاہور یو تیار ہو جاؤ ، چین میں 5اورنج ٹرینیں تیار ، جلد پاکستان پہنچیں گی

لاہور یو تیار ہو جاؤ ، چین میں 5اورنج ٹرینیں تیار ، جلد پاکستان پہنچیں گی

لاہور( نمائندہ پاکستان) سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ شالامار ٹاؤن کا نیا دفتر چائنہ سکیم گجر پورہ میں تعمیر کیاجائے گا ‘جی ٹی روڈ پر واقع پرانے دفترکی اراضی اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے لئے حاصل کی جا چکی ہے ۔اورنج لائن منصوبے کا تعمیراتی کام تیزی سے مکمل کیا جائے تاہم مزدوروں اور مختلف محکموں کے اہلکاروں کی سیفٹی پر ہرگزکوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ تمام کنٹریکٹرز اور سب کنٹریکٹرز مزدوروں کو حفاظتی سامان‘ہیلمٹ ‘جیکٹ ‘بوٹ ‘گلووز ‘بیلٹ وغیرہ کی فراہمی یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں تحریری طو ر پر اپنی رپورٹ پیش کریں ۔شہر میں سیکورٹی کیمرے اور نیٹ ورک بچھانے کے لئے سیف سٹی اتھارٹی کی ٹیمیں مکمل ہم آہنگی سے کام کریں اور کھدائی کرنے کے بعد ان جگہوں کودیر تک کھلا چھوڑنے کی بجائے بلا تاخیر کیبل بچھاکر جلد از جلد ان جگہوں کو بھر دیا جائے ۔ عازمین حج کی روانگی کے پیش نظر حاجی کیمپ نکلسن روڈ کے گردو نواح میں صفائی برقرار رکھنے اور نکاسی آب یقینی بنانے کے لئے واسا اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کے عملے پر مشتمل ٹاسک فورس تشکیل دی جائے جو 24گھنٹے اپنے فرائض سر انجام دے ۔ مون سون کے دوران مین ہول کورز کی موجودگی یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے ۔اورنج لائن میٹرو ٹرین کے لئے چین میں 25بوگیوں پر مشتمل پانچ ٹرینیں تیار کی جا چکی ہیں جنہیں جلد ہی بحری جہاز کے ذریعے پاکستان روانہ کر دیا جائے گاوہ گزشتہ روز اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر منصوبے کا 72.3فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے ۔ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا 85.7 فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹاؤن تک پیکیج ٹو کا 53فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا 77فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا 73.5فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔چوبرجی سے علی ٹاؤن تک اورنج لائن میٹرو ٹرین کے پیکیج ٹوکانصف سے زائد( 52.30فیصد) تعمیراتی کام مکمل کیاجا چکا ہے ۔پیکیج ون کے تمام 11بالائے زمین سٹیشنوں جبکہ پیکیج ٹو کے پانچ سٹیشنوں کا گرے سٹرکچر مکمل کر کے انہیں الیکٹریکل و مکینیکل ورکس کے لئے چینی کنٹریکٹرزکے حوالے کیا جا چکا ہے ۔ پیکیج ٹو کے مزید پانچ سٹیشنوں کاتعمیراتی کام اس ماہ کے آخر جبکہ باقی تین کا14 اگست تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اجلاس میں فیرو ز پور روڈ پر خود کش حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور شہریوں کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔ اجلاس میں ایم پی اے چودھری شہباز ‘ میئر لاہور مبشر جاوید‘ ڈپٹی میئرنذیرخان سواتی اورچوہدری بلال ‘ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید‘ جنرل منیجرآپریشنز پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سید عزیر شاہ‘ جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ اور لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس ‘سول ڈیفنس‘ریسکیو112 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر ن س کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1