لبیک یا رسول اللہﷺ کانفرنس،علماء کرام کی بھرپور شرکت

لبیک یا رسول اللہﷺ کانفرنس،علماء کرام کی بھرپور شرکت

لاہور(پ ر)تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ اور تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں لبیک یا رسول اللہﷺ کانفرنس اور 13ویں افکارِ رضا سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اجتماع کی صدارت مرکز اہلسنت بریلی شریف سے آنے والے ممتاز مذہبی پیشوا حضرت شاہ محمد منان رضا خان قادری رضوی زید مجدہ نے کی جبکہ حضرت شاہ محمد تسلیم رضا خان قادری اور شاہ محمد عمران رضا خان قادری ،حضرت میاں محمد صالح شرقپوری ،صاحبزادہ محمد داؤد رضوی ،صاحبزادہ محمد حامد رضا سیالکوٹی ،پیر محمد شفیق کیلانی،علامہ محمد عبد الرشید اویسی،شیخ الحدیث مولانا محمد ارشا داحمد جلالی ،صاحبزادہ محمد ارشد نعیمی،صوفی گلزار احمد رضوی،محمد نعیم طاہر رضوی نے شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے چیئرمین اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشر ف آصف جلالی نے کہا کہ امام احمد رضا خاں بریلوی نے ہمیں ناموس مصطفیٰ ﷺ پر سب کچھ وارنے کا سبق دیا ہے۔امام احمد رضا بریلوی کے افکار و نظریات نے برصغیر کے مسلمانوں کو نشانِ منزل عطا کیا آپ کے تجدیدی کارنامے ملت اسلامیہ کا روشن باب ہیں آپ نے نوک قلم سے بڑے بڑے طاغوتوں کے سر خم کر دئیے ۔آپ کا فتاویٰ رضویہ فقہی مسائل کا جامع انسائیکلوپیڈیا ہے آپ کے ترجمہ قرآن کنز الایمان نے عوام الناس کو مفاہیم قرآن سمجھانے میں بہت بڑا کردار ادا کیا حکومت کو چاہیے کہ وہ آپ نے تحقیقی مضامین کو قومی نصاب میں شامل کریں حضرت مولانا شاہ محمد منان رضا خاں نے صدارتی خطاب میں فرمایا کہ امام اہل سنت امام احمد رضا خاں بریلوی عشق رسول ﷺ کے عظیم ترجمان اور اسلامی نظریات کے بہت بڑے شارح ہیںآپ نے مسلمانوں کی دینی غیرت اجاگر کی کانگریسی ملاؤں کے مقابلہ میں دوقومی نظریہ پیش کر کے امت مسلمہ کی ترجمانی کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1