مصطفٰی ٹاؤن بھینسوں کے باڑے میں تبدیل گندگی سے تعفن اٹھنے لگا، حکام نوٹس لیں اہل علاقہ

مصطفٰی ٹاؤن بھینسوں کے باڑے میں تبدیل گندگی سے تعفن اٹھنے لگا، حکام نوٹس لیں ...

لاہور(سٹی رپورٹر) وحدت روڈ مویشیوں کی باڑے کی شکل اختیار کر گیا ،بھینسوں او ر بکریوں نے گرین بیلٹ کو اپنا مسکن بنا لیا ،رہائشی علاقوں میں بھی جانوروں نے کھلے دن اور رات کے وقت گشت کو معمول بنا لیا،سڑکوں اور گلیوں میں گوبر کی وجہ سے تعفن اٹھنے لگا،اہل علاقہ پریشان متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ ،تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے شہر کی حدود میں جانور رکھنے پر پابندی لگائی ہوئی ہے اورگوالوں اوران کی حویلیوں کو شہر سے دور اور راوی کے بند پر منتقل کیا گیا ہے لیکن چند بااثر گوالے ابھی تک شہری علاقوں میں اپنی حویلیاں آباد کر کے بیٹھے ہیں ان میں زیادہ تر وحدت روڈ،مصطفی ٹاؤن، شاہدرہ،بیگم کوٹ،کوٹ لکھپت،ٹاؤن شپ میں ایسی حویلیوں کی بھرمار ہے، وحدت روڈ پر ہر وقت بھینسیں آزادانہ سڑکوں پر گھومتی نظر آتی ہیں اور کروڑوں روپے سے تیار کئے جانے والے پارکوں اور گرین بیلٹ پر لگائے جانے والی قیمتی گھاس اور پودوں کو نقصان پہنچاتی ہیں ، مصطفی ٹاؤن کے علاقے میں بھینسوں کو صبح اورشام کے اوقات میں گوالے چرنے کے لئے چھوڑ دیتے ہیں جو صاف ستھری گلیوں میں گندگی پھیلانے کے ساتھ گھروں اور سڑکوں پر لگے پود وں کو نقصان پہنچاتی ہیں۔مصطفی ٹاؤن کے رہائشیوں نے ڈپٹی کمشنر ،ٹاؤن انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر آپریشن کرتے ہوئے بھینسوں کو شہری حدود سے باہر نکالا جائے اوراگر پھر بھی گوالے جانور شہر میں لائیں تو سخت سزائیں دی جائیں

مزید : میٹروپولیٹن 1