اتحادیوں پر بدعنوانی کے الزامات، بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار مستعفی

اتحادیوں پر بدعنوانی کے الزامات، بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار مستعفی

بہار( آن لائن ) بھارت کی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی ریاستی انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے والا اتحاد ختم ہوگیا ہے۔نتیش کمار کی جنتا دل یونائیٹڈ اور بہار کے سابق وزیراعلیٰ لالو پرساد یادو کی راشٹریہ جنتا دل نے 2015 ء کے اسمبلی انتخابات سے پہلے اتحاد کیا تھا اور وزیر اعظم نریندر مودی کی زبردست مقبولیت کے باوجود بی جے پی کو شکست دی تھی۔لالو پرساد یادو اوران کے اہل خانہ کو بدعنوانی کے الزامات کا سامنا ہے اور اس پس منظر میں یہ مطالبہ کیا جارہا تھا کہ ان کے بیٹے نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں لیکن لالو پرساد یادو کو یہ مطالبہ تسلیم نہیں تھا۔ نتیش کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گورنر نے ان کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے، موجودہ حالات میں ان کیلئے حکومت چلانا ممکن نہیں تھا۔لالو پرساد یادو اور ان کے بچوں کو بے نامی املاک جمع کرنے کے الزامات کا سامنا ہے۔تیجسوی اور لالو پرساد یادو کا دعوی ہے کہ یہ الزامات سیاسی محرکات پر مبنی ہیں اور وفاقی حکومت انھیں خاموش کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور انھیں ایک سازش کے تحت پھنسایا جارہا ہے۔انڈیا میں 2014 ء کے پارلیمانی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے کے بعد سے بی جے پی صرف دو ریاستوں دلی اور بہار انتخابات ہاری ہے۔نتیش کمار پہلے بی جے پی کے اتحادی تھے لیکن نریندر مودی کو وزیر اعظم کا امیدوار بنائے جانے کے بعد انھوں نے بی جے پی سے اپنا اتحاد ختم کر لیا تھا۔ اگرچہ گزشتہ کچھ عرصے سے یہ قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ وہ دوبارہ بی جے پی سے ہاتھ ملا سکتے ہیں لیکن انھوں نے اس بارے میں کچھ کہنے سے ا نکار کردیا۔بی جے پی کے وفاقی وزیر روی شنکر پرساد نے کہا کہ یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ’ہم نے نتیش کمار کو نہیں چھوڑا تھا، انہوں نے ہمیں چھوڑا تھااب آگے کیا کرنا ہے یہ فیصلہ نتیش کمار کے ہاتھوں میں ہے۔‘نتیش کمار کے استعفے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ٹوئٹر پر انھیں مبارک باد دی ہے۔بہار کی اسمبلی میں سب سے زیادہ سیٹیں لالو پرساد یادو کی پارٹی نے ہی جیتی تھیں لیکن وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو ہی بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ نتیش کمار اگر بی جے پی کی حمایت حاصل کر لیتے ہیں تو 243 رکنی ایوان میں انہیں اکثریت حاصل ہوجائے گی۔

نتیش کمار مستعفی

مزید : علاقائی