شہباز شریف کی وزراء کیساتھ چودھری نثار سے طویل ملاقات ، برف پگھلی ہے : وزیر اعلٰی پنجاب پریس کانفرنس تو کرونگا : وزیر داخلہ

شہباز شریف کی وزراء کیساتھ چودھری نثار سے طویل ملاقات ، برف پگھلی ہے : وزیر ...

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو را ضی کرنے کے مشن پر نکلنے والے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شر یف کا بڑی کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہنا ہے برف پگھل رہی ہے ،تاہم وفاقی وزیر داخلہ ابھی تک پریس کانفرنس کرنے کے فیصلے پر ڈٹے ہوئے ہیں لیکن انہوں نے کوئی بھی انتہائی قدم نہ اٹھانے کی یقین دہانی کروا دی ہے ،آج جمعرات کو بھی میری ان سے ملاقات ہوگی، جس میں تمام تر معاملات خوش اسلوبی سے طے پا جانے کی قوی تو قع ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف گزشتہ روز لاہور سے اسلام آباد پہنچے اور وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے و پنجاب ہاؤس میں ملاقات کی جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈاراور وزیر ریلوے سعد رفیق بھی موجود تھے ، ملاقات چار گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی جس میں گلے شکوے ہوتے رہے، ذرائع کا کہنا ہے وزیر اعلیٰ پنجاب نے پریس کانفرنس نہ کرنے کی درخواست کی تووزیر داخلہ کا کہنا تھا ایشوز کی وضاحت کیلئے پریس کانفرنس ضروری ہے ، ناراض ہوں نہ ہی مسئلہ میری طرف سے شروع ہو ا، اس پر شہباز شریف اور ا سحا ق ڈار نے چودھری نثار سے کہا ان کی وجہ سے ہی پارٹی میں اتفاق ہے ،آپ پارٹی کا دل و دماغ ہیں ،گزارش ہے اندرونی معاملات میڈیا پر نہ لائیں مگر نثار نے پھر کہا معاملات ایسے ہیں کہ ان کی وضاحت میڈیا پر آکر ہی ہو سکتی ہے کیونکہ جو الزامات مجھ پر لگائے گئے وہ کسی طور بر د اشت نہیں میں پارٹی سے وفادار ہوں اور رہوں گا ، میرے خلاف نواز شریف کو بھڑکانے والے کون ہیں وہ آپ سب جانتے ہیں ،میرا ہر فیصلہ ضمیر کے تابع ہے ،ہمیشہ پارٹی اور ملکی مفاد کو مقدم رکھا، انکا مزیدکہنا تھا وہ مشکل وقت میں پارٹی کیساتھ کھڑے رہے ہیں انہوں نے اپنے تحفظات سے وزیر اعلیٰ ، وزیر خزانہ اور وزیر ریلوے کو آگاہ کیا اور کہا پارٹی او ر جمہوری نظام کیلئے ضروری ہے ہم اپنی صفوں میں اتحاد رکھیں،ذرائع کا کہنا ہے تاہم ملاقات میں پیش رفت ہوئی ہے اور آج جمعرات کو بھی دونوں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں میں دوبارہ ملاقات ہوگی، معاملات طے پاجانے کے بعد چوہدری نثار کی وزیر اعظم سے بھی ملاقات کروائی جائے گی، ملاقات میں ملک کی عمومی سیاسی صورتحال بھی زیر غور آئی۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے اصرار کرتے ہوئے کہا چودھری صاحب آپ سے اچھے کی امید ہوتی ہے، جواب میں چوہدری نثار کا کہنا تھا دعا کریں انشاء اللہ اچھا ہی ہوگا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وزیر داخلہ پر کوئی دباو نہیں ڈالا جائے گا، وزیر اعلیٰ اور اسحاق ڈار نے انکی صحت کے بارے بھی دریافت کیا جبکہ سانحہ لاہور کی تحقیقات پر بھی بات چیت ہوئی ،اس سانحہ کے بعد پریس کانفرنس ملتوی کرنے کے چوہدری نثار کے فیصلے کو بھی وزیرا علی نے سراہا ۔ ایک نجی نیوز چینل نے سینئر لیگی عہدیدار کے حوالے سے د عو یٰ کیا ہے کہ وزیر داخلہ کا ارادہ اسوقت تبدیل ہوا جب وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے چوہدری نثار کو یہ یقین دہانی کروائی کہ پاناما پیپر کیس کے سلسلے میں سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کی نااہلی کی صورت میں ان سے جونیئر کسی وزیر کو وزیراعظم کے طور پر نامزد نہیں کیا جائے گا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،اسحاق ڈار اور خواجہ سعد رفیق وزیر داخلہ چوہدری نثار سے طویل ملاقات کے بعد پنجاب ہاؤس سے وا پس وزیر اعظم ہاؤس چلے گئے۔ یاد رہے وزیر اعلیٰ پنجاب بدھ کو خصوصی طیارے میں لاہور سے اسلام آباد پہنچے تھے ، جہاں انہوں نے پہلے وزیر ا عظم ہاوس میں مشاورت کی جس کے بعد وہ سینیٹر اسحاق ڈار اور خواجہ سعد رفیق کیساتھ پنجاب ہاؤس پہنچے اورچوہدری نثار سے ملاقات کی ۔

شہباز، نثار ملاقات

مزید : کراچی صفحہ اول