جن کی اوقات ایک اقامہ،وہ تین بار وزیراعظم بن گئے، طاہر القادری

جن کی اوقات ایک اقامہ،وہ تین بار وزیراعظم بن گئے، طاہر القادری

لاہور ( آن لائن) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ جن کی اوقات فقط ایک عدد اقامہ تھی وہ تین تین بار وزیراعظم بن گئے ،نظام نہ بدلا تو کونسلر سطح کے لوگ ملکی دولت اور وقار سے کھیلتے رہیں گے،پاناما کیس میں فیصلہ مرضی کے برعکس آنے پر حکمران توڑ پھوڑکروا سکتے ہیں،ماڈل ٹاؤن میں قتل و غارت گری کے بعد شریف برادران کے حوصلے بڑھ گئے،بلا تفریق احتساب کا یہ نادر موقع کھو دیا گیا تو پھر انصاف اور سلامتی کے وہ ادارے جو آج کچھ نہ کچھ کرنے کی ہمت رکھتے ہیں کل کو اس سے بھی محروم کر دئے جائیں گے۔وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ، ویمن لیگ، ایم ایس ایم کے مرکزی رہنماؤں سے ٹیلیفونک خطاب کررہے تھے۔ طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان جیسا غریب ملک جس کا ہر شہری آج ایک لاکھ روپے سے زائد کا مقروض ہے اس ملک کے ہر ترقیاتی اور توانائی کے منصوبے میں اربوں کی کرپشن پکڑی جارہی ہے مگر کسی کا کچھ نہیں بگڑتاکیونکہ اداروں میں خاندانی غلامی کا حلف اٹھانے والے بٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ظفر حجازی کو عبرتناک سزا دے کر بقیہ کیلئے مثال بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیب، پولیس، ایف بی آر، سٹیٹ بنک، سکیورٹی ایکسچینج کمیشن بطور ادارہ پاناما کیس میں پوری طرح ایکسپوز ہو چکے ،اب وقت آگیا ہے کہ اداروں کی تشکیل نو کی جائے اور میرٹ پر اہل افراد کو تعینات کیا جائے، وزیراعظم کے شاہانہ صوابدیدی اختیارات ختم کیے جائیں، اداروں کو ایگزیکٹو کی گرفت سے مکمل طور پر آزاد کیا جائے تاکہ سیاسی بدقماش اپنی مذموم خواہشات کیلئے اداروں کا غلط استعمال نہ کر سکیں اور سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسی قیامتیں برپا نہ کر سکیں۔قومی ادارے آزاد ہوتے تو کسی کو ملکی دولت لوٹ کر آف شور کمپنیوں میں چھپانے کی جرأت نہ ہوتی۔

مزید : صفحہ آخر