چارسدہ ،واپڈا کے خلاف جماعت اسلامی اور اے این پی کاایکا

چارسدہ ،واپڈا کے خلاف جماعت اسلامی اور اے این پی کاایکا

چارسدہ (بیورورپورٹ)واپڈا کے خلاف جماعت اسلامی اور اے این پی کاایکا۔ اتمانزئی اور دیگر مضافاتی علاقوں میں بد ترین لوڈ شیڈنگ ، اوربلنگ اور فیڈرکی تبدیلی کے خلاف جماعت اسلامی اور اے این پی کے کارکنوں کا واپڈا دفاتر اور فاروق اعظم چوک میں مظاہرے ۔ 48گھنٹے کی ڈیڈ لائن ۔ تفصیلات کے مطابق اتمانزئی کے مختلف علاقوں حلیم آباد ، سلطان آباد ، سعادت آباد ،عبد اللہ آباد کے سینکڑوں مکینوں نے جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیر ولی محمد ، فواد اور اے این پی کے ضلعی رہنماء تیمورخٹک کے قیادت میں واپڈا کے خلاف فاروق اعظم چوک اور واپڈا دفاتر کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ٹریفک کا نظام درہم بر ہم کرکے واپڈا کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ محکمہ واپڈا میں اندھیر نگری چوپٹ راج چل رہی ہے ۔ اوربلنگ ، ناجائز جرمانوں اور ناروا لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے ۔ واپڈا حکام آئے روز صارفین کو مختلف فیڈرون سے بجلی فراہم کر رہی ہے جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہو رہا ہے ۔مقرررین نے دھمکی دی کہ 48گھنٹے کے اندر اندر واپڈاحکام نے قبلہ درست نہ کیا تو جمعہ کے روز دوبارہ احتجاج کرینگے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر