حکومت صحت عامہ کے شعبہ کو مستحکم بنانے کے ایجنڈے پر گامزن ہے،سائرہ افضل

حکومت صحت عامہ کے شعبہ کو مستحکم بنانے کے ایجنڈے پر گامزن ہے،سائرہ افضل

اسلا م آباد(سٹاف رپورٹر)وز یر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صحت عامہ کے شعبہ کو مستحکم بنانے کے ایجنڈے پر گامزن ہے اور اس ضمن میں قومی اور بین الا قوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر مربوط کوششیں کی جا رہی ہیں اور وزارت قومی صحت پاکستان فیلڈ ایپی ڈیمیالوجی اینڈ لیبارٹری ٹریننگ پروگرام پاکستان کی شروعات اور تمام اقدامات کے لئے بھرپور تعاون کا یقین دلاتی ہے انہوں نے یہ بات گزشتہ روز امراض کی نگرانی اور وباؤں کے پھوٹنے کی صورت میں فوری جوابی اقدامات بارے 11ویں سالانہ کورس کے شرکاء میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں وبائی امراض کی روک تھام اور نگرانی کیلئے تمام صوبوں کے صحت عامہ کے ڈاکٹروں کو تربیت کی فراہمی کرنا وفاقی حکومت کا مشن ہے اور اسی مشن کے تحت پاکستان فیلڈ ایپی ڈیمیالوجی اور لیبارٹری ٹریننگ پروگرام جیسا اقدام اٹھایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ در اصل حالیہ سالوں میں ہمیں پاکستان میں 2016ء میں چکن گونیا اور 2017ء میں خسرہ کی وباء کے بڑے امراض کا سامنا کرنا پڑا اور بڑے پیمانے پر نقصان بھی ہوا ۔ ہم ابھی تک پولیو کے خلاف بر سر پیکار ہیں جب کہ پوری دنیا چاہتی ہے کہ ہم پولیو کے خاتمہ کیلئے مزید کام کریں ۔ ایسے ہی تمام چیلنجز کے پیش نظر ہمیں بیماری کی نگرانی ،وباء کا پتہ چلانے اور فوری کارروائی کی استعداد بڑھانے کی ضرورت ہے جس کے لئے یہ تربیت بڑی معاون ثابت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایپی ڈیمیالوجی اینڈ لیبارٹری ٹریننگ پروگرام پاکستان(ایف ای ایل ٹی پی) نے1500سے زائد مختصر مدتی تربیتیں دی ہیں اور یہ امر میرے لئے باعث اطمینان ہے کہ11واں سالانہ کورس مکمل کرنے والے وبائی امراض کی روک تھام کے ماہرین اس کیڈر میں شامل ہو جائیں گے۔ وزیر مملکت برائے قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وبائی امراض کی روک تھام کیلئے نگرانی ہی سب سے بہتر طریقہ ہے جس سے وباء کے پوری طرح پھیلنے سے قبل ہی مؤثر ترین اقدامات کرنے میں بڑی مدد ملتی ہے جو اس تربیت کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کرتی ہے ۔ اسی لئے وزارت قومی صحت امراض کی نگرانی اور قابو پانے کے اقدامات کے لئے مربوط کوششوں کو مضبوط بنا رہی ہے اور صحت کے قومی ادارہ میں فیلڈ ایپی ڈیمیالوجی اینڈ ڈیزیز سرویلنس کے لئے ڈویژن کا قیام اس سمت میں پہلا اقدام ہے ۔وزیر مملکت نے کورس مکمل کرنے والے تمام شرکاء کو مبارک باد دی ۔ انہوں نے امریکہ کے اٹلانٹ سینٹر ز برائے ڈیزیز کنٹرول کا بھی شکریہ ادا کیا اور صحت عامہ کے لئے بھر پور کام کرنے کی حکومتی کوششوں کا اعادہ بھی کیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر