ایم کیو ایم سے وابستہ خونی درندے شہر قائد میں بد امنی کے ذمہ دارہیں:مصطفیٰ کمال

ایم کیو ایم سے وابستہ خونی درندے شہر قائد میں بد امنی کے ذمہ دارہیں:مصطفیٰ ...

کراچی (این این آئی) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم (پاکستان ) ایم کیو ایم (لندن) کا سیاسی ونگ ہے ۔یہ سب لوگ کراچی کے عوام اور مہاجروں کو گروی رکھنا چاہتے ہیں ۔جس نام کے ساتھ ایم کیو ایم لکھا ہوگا وہ خون پینے والا درندہ ہوگا ۔ہم مہاجر سیاست کرکے قوم کو مزید نقصان نہیں پہنچانا چاہتے ہیں ۔ ایم کیو ایم (پاکستان)بنانے والے فاروق ستار توبہ کرلیں تو ان کے ساتھ مل کر چلنے کے بارے میں سوچا جاسکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل شاہ اویس نورانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پی ایس پی کے صدر انیس قائم خانی بھی موجود تھے ۔قبل ازیں دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال ،آئندہ عام عام انتخابات اور دیگر امور پر تفصیلی بات چیت کی ۔سید مصطفی کمال نے کہا کہ مہاجر سیاست سے قبل مولانا شاہ احمد نورانی مہاجروں کیلئے ایک آئیڈیل شخصیت تھے ۔انہوں نے عوام کو محبت ،امن اور بھارئی چارگی کا پیغام دیا ۔ایم کیو ایم سے قبل مہاجروں کی اچھی شناخت تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم مہاجر سیاست کرکے قوم کو مزید نقصان نہیں پہنچانا چاہتے ہیں ۔ایم کیو ایم (پاکستان )ایم کیو ایم (لندن)کا سیاسی ونگ ہے ۔ جوبھی ایم کیو ایم سے وابستہ ہوگا وہ خونی درندہ ہوگا جو کبھی بھی اس شہر میں امن بحال نہیں ہونے دے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہم اختلافات کو دشمنی میں تبدیل نہیں کرنا چاہتے ہیں ۔سید مصطفی کمال نے کہا کہ ہم تمام سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کررہے ہیں تاہم آئندہ انتخابات میں کسی جماعت سے اتحاد نہیں کریں گے ۔اس موقع پر شاہ اویس نورانی نے کہا کہ مصطفی کمال کے ساتھ کراچی کی حالت اور مسائل پر بات چیت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس شخص نے اس شہر کو خون میں نہلایا ،قلم کی جگہ نوجوانوں کلاشنکوف دی، ہم اس غدار کے ساتھ کھڑے لوگوں سے اپیل کرتے ہیں وہ اس سے لاتعلق ہوکر قومی دائرے میں رہ کر اپنی سیاست کا آغاز کرتے ہوئے قوم کے ساتھ کھڑے ہوجائیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں احتساب کا ہونا اچھی بات ہے ۔ایم کیو ایم کے بانی کا بھی احتساب کیا جائے ۔

مصطفی کمال

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر