مینار ہسپتال کی اپ گریڈیشن سے جدید سہولتیں میسر آئینگی ‘ ڈاکٹر در صبیح
ملتان ( وقائع نگار)پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیرانتظام کام کرنے والے ہسپتال ملتان انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن اینڈ ریڈیوتھراپی(مینار)میں جدید سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور امکان ہے کہ یہ منصوبہ آئندہ تین سے چھ ماہ کے دوران مکمل ہوجائے گا۔(بقیہ نمبر30صفحہ12پر )
90کروڑ روپے کی خطیر رقم سے زیرتکمیل اس توسیعی منصوبے کی تکمیل کے بعد ہسپتال میں کینسر کے مریضوں کے لئے بستروں کی تعداد 20سے بڑھ کر 40ہوجائے گی جبکہ نئی مشینری اور سائنسی آلات کی تنصیب سے یہاں علاج اور تشخیص کی جدید ترین سہولتیں بھی میسر آجائیں گی۔مینار کے ڈائریکٹر ڈاکٹر درصبیح نے بدھ کے روز میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ نشترہسپتال میں قائم یہ ادارہ 1968سے کام کررہاہے۔انہوں نے بتایا کہ مینار ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے لینئر ایکسیلیٹر ،سی ٹی ،سی ٹی سپیکٹ،سی ٹی سمولیٹر،ایم آراآئی،ڈیجیٹل میموگرافی،ڈیکسا سسٹم نصب کیاجارہاہے۔ان میں سے کچھ مشینری نصب ہوچکی ہیں اوربیشتر کے سپلائی آرڈر جاری کیے جاچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ڈیکسا بون سسٹم وٹامن ڈی کے ٹیسٹ کیلئے استعمال ہوگا۔پی سی آر کے ذریعے ہیپا ٹائٹس بی اور سی کے مریضوں کی تشخیص کا کام جاری ہے۔یہ مشینری نصب ہوچکی ہے اوراس نے کام بھی شروع کردیا ہے۔سی آر سسٹم کے ذریعے مریض کو کم ریڈیشن کے ذریعے ڈیجیٹل ایکسرے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ مینارمیں مریضوں کو انتہائی کم نرخوں پر ٹیسٹ اور علاج کی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں جبکہ مستحق مریضوں کا مفت علاج کیاجارہا ہے۔ڈاکٹردرصبیح نے بتایا کہ 2016ء کے دوران مستحق مریضوں کے مفت علاج پر مینار نے ساڑھے پانچ کروڑ روپے خرچ کیے۔انہوں نے کہاکہ مینارویلفیئر سوسائٹی مستحق مریضوں کے علاج معالجے کے لئے فنڈز فراہم کررہی ہے۔اس سلسلے میں ہمیں زکوۃ فنڈاور بیت المال سے رقوم موصول ہوتی ہیں جبکہ مخیر حضرات بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مینار میں آنے والے 40فیصد مریض فیسں ادا کرتے ہیں جبکہ 60فیصد مریضوں کاعلاج مفت کیاجاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ کینسر کے 75فیصد مریضوں کو علاج معالجے کی مفت سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹرمحمدثاقب،ڈاکٹر کاشف رحیم،ڈاکٹر عبدالمتین اورڈاکٹر اللہ رکھا عادل نے بھی ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولتوں اور مختلف امراض سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر تفصیلی بریفنگ دی۔نظامت کے فرائض ڈاکٹر قرۃ العین ہاشمی نے انجام دیئے۔بعدازاں صحافیوں کو جدید مشینری اور آلات دکھائے گئے اور زیرتعمیرعمارت کادورہ کرایاگیا۔