خانیوال ، مظفر گڑھ اور لودھراں میں وکلاء کی ہڑتال، عدالتی بائیکاٹ، احتجاجی ریلیاں بھی نکالی گئیں

خانیوال ، مظفر گڑھ اور لودھراں میں وکلاء کی ہڑتال، عدالتی بائیکاٹ، احتجاجی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

خانیوال، مظفر گڑھ، لودھراں (نمائندگان) ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے ہائی کورٹ بار ملتان سے اظہار یکجہتی کیلئے وکلاء نے مکمل عدالتی بائیکاٹ کیا۔ مین گیٹ کو تالے لگوا کر احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔خانیوال سے بیورو نیوز ، نمائندہ پاکستان کے مطابق ڈسٹرکٹ بار کی احتجاجی ریلی میں چیف جسٹس پنجاب جسٹس منصور علی شاہ کے خلاف شدہ نعرہ بازی کی‘انہوں نے کہاکہ فی الفور چیف جسٹس کو تبدیل کیا جائے ورنہ سخت لائحہ عمل تیار کیا جائے گا ۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن خانیوال کی جانب سے ملتان بنچ میں ججز تعیناتی کیلئے ہائیکورٹ بار ملتان سے اظہار یکجہتی کیلئے دوسرے روز بھی ہڑتال جاری رکھی اور کوئی بھی وکیل عدالتوں میں پیش نہ ہوا۔ ایگزیکٹوکمیٹی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن خانیوال کا اجلاس بھی منعقد کیا گیا بعدازاں چوہدری محمد عمر چیمہ صدر، راجہ سہیل ظفر جنرل سیکرٹری کی قیادت میں احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی ۔ریلی میں وکلاء کی کثیرتعداد موجود تھی جنہوں نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے ناروارویہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ریلی میں شریک وکلاء نے بینرز پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پرچیف جسٹس کے خلاف نعرے درج تھے۔ ملتان ہائی کورٹ بار سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے خانیوال بار نے سول کورٹس کے مین گیٹ کو تالے اور سیشن کورٹ کے گیٹ پر بار کے عہدیداران نے دھرنا دیا کسی وکیل یا سائل کو اندر نہیں جانے دیا احتجاجی ریلی نکالی ۔جس کی قیادت صدر بار چوہدری عمر چیمہ، سیکرٹری بار راجہ سہیل ظفر، ممبر پنجاب بار کونسل جاوید ہاشمی، پیر احمد شاہ کھگہ،سابق سیکرٹری چوہدری شاہد اقبال، چوہدری عبدالجبار ایاز، ملک عطاء الرحمن شہزاد، رانا ضیاء الرحمن ،ساجد چوہان، میاں طاہر محمود، راؤ عامر ندیم، چوہدری عمر یونس، راؤ جابر ،مہر نذر، ملک لطیف اور دیگر نے کی احتجاجی ریلی نے بار کا چکر لگایا اور بعدازاں بار روم جلسہ منعقد ہوا ۔ مظفر گڑھ سے نامہ نگار کے مطابق ہائیکورٹ ملتان بینچ کے ججز کے وکلاء سے ناروا رویہ کیخلاف ہائیکورٹ بار ملتان کی اپیل پر ڈسٹرکٹ بار مظفرگڑھ نے بدھ کے روز فل ڈے ہڑتال کی اور مکمل عدالتی بائیکاٹ کیا ۔ لودھراں سے نمائندہ پاکستان کے مطابق ہائی کورٹ بارملتان کے وکلاء سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ بارلودھراں میں گذشتہ روز بھی ہڑتال کی گئی۔ وکلاء عدالتوں میں پیش نہ ہوئے۔