زوہیب حسن کا نیا البم ’’Signature‘‘ اور ویڈیو’’ سلسلے‘‘ لانچ

زوہیب حسن کا نیا البم ’’Signature‘‘ اور ویڈیو’’ سلسلے‘‘ لانچ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app



نامور موسیقار اور گلوکار زوہیب حسن کا نیا البم ’’Signature‘‘ اور ویڈیو’’ سلسلے‘‘ لانچ کردیا گیایہ البم اب تک ان کے بہترین کاموں کا مجموعہ ہے۔ ان کی خوبصورت اور کھنک دار آواز کو پروڈکشن برطانیہ میں مقیم میوزک ڈائریکٹر ڈی جے سوامی نے دی ہے جو اس سے قبل بھی صف اول کے عالمی فن کاروں جیسے شانیہ ٹوین، اپاچے انڈین اور سٹوریو نیشن کے گانے پروڈیوس کر چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ فیوژن کے اِمو نے خصوصی طور پر زوہیب کے البم کے تین ٹریکس کو موسیقی دی ہے۔ اس البم میں زوہیب کی فنکارانہ صلاحیتوں اور وسیع رینج کا بہترین انداز میں اظہار کیا گیا اور انہیں موسیقی کی دنیا کا شاہکار ثابت کیا۔پاکستان کی میوزک کی دنیا میں 1980 کی دہائی میں ڈسکو اور پاپ متعارف کرانے کا سہرا زوہیب حسن اور نازیہ حسن کو جاتا ہے، یہ وہ عہد تھا کہ جب برصغیر میں اس غیرملکی طرز کے ساتھ اپنا روایتی میوزک نہیں تھا۔ ان کے چند گانے جیسے ڈسکو دیوانے، دوستی، ڈم ڈم ڈی ڈی، سن میرے محبوب سن اور آگ جیسے کئی گانے آج تک انتہائی مقبول اور زبان زد عام ہیں۔ان کی افسانوی نظم ’’چہرہ‘‘ اب تک ایک انتہائی رومانوی ترانہ تصور کیا جاتا ہے۔ اپنے میوزک کیریئر میں انہوں نے 12 سونے، چار پلاٹینم اور دو ڈبل پلاٹینم ڈسک حاصل کیں۔ انہیں پاکستان کی اقوام متحدہ ایسوسی ایشن سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کے ساتھ ساتھ جنوبی ایشیائی میوزک میں ان کی خدمات پر آکسفورڈ یونیورسٹی سے بھی ایوارڈ ملا۔ان کی البم اور ویڈیو EMI پاکستان نے ریلیز کی ہے۔ EMI پاکستان کے چیف آپریٹنگ آفیسر ذیشان چوہدری نے کہا کہ میری نسل زوہیب اور نازیہ کے گانے سنتے ہوئے بڑی ہوئی، اسی لیے زوہیب کے ساتھ اس البم خصوصاً ویڈیو پروڈکشن کا موقع ملنا ایک جذباتی اور بہترین تجربہ ہے۔ EMI پاکستان میں ہم بہت خوش ہیں۔ زوہیب حسن ہمیشہ سے ہی ہماری فیملی کا اہم حصہ رہے ہیں اور ان کی جانب سے اپنا نیا البم ’’Signature‘‘ ریلیز کیا جانا ہمارے لیے بہت فخر کی بات ہے۔ نئے البمز کی ریلیز EMI پاکستان کا پاکستان کی موسیقی کی صنعت میں واپسی کیلئے پہلا قدم ہے۔ EMI پاکستان نئے اور پرانے فنکاروں کو اپنے فن اور صلاحیتوں کے اظہار کیلئے پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جس سے آنے والے سالوں میں ہماری میوزک کی صنعت ترقی کرے گی۔زوہیب حسن نے اپنے احساسات بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں اس البم Signature اور ویڈیو ’’سلسلے‘‘ کی لانچ کے ساتھ میوزک کی صنعت میں اپنا کردار ادا کرنے کا عمل جاری رکھنے پر بہت خوش ہوں۔ یہ البم میرے تجربات اور ان سب کے گرد گھومتی ہے جس کا گزشتہ دس سال کے دوران میں نے اور میری فیملی نے تجربہ کیا۔ اس البم signature کے سب سے شاندار ٹریکس میں سے ایک ڈانس مکس ہے اور یہ وہ کام ہے جو میں نے اور نازیہ نے ایک ساتھ کیا تھا۔ اس میں وہ آخری گانا بھی شامل ہے جو نازیہ نے گایا تھا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ نازیہ حسن نے ’’کوئی نہیں‘‘، ’’ڈسکو دیوانے‘‘ اور ’’بوم بوم‘‘ کے متبادل ورژن بھی تخلیق کئے تھے اور یہ تینوں بھی اس گانے کا حصہ ہیں۔

مزید :

ایڈیشن 1 -